ہفتہ، 24 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

سی ڈی اے کی ڈیزائن ویٹنگ کمیٹی کی پانچ بڑے منصوبوں کی منظوری، بلیو ایریا میں 659 فٹ بلند دو ہائی رائز ٹاورز بھی شامل

مصنف:

اسلام آباد: کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے اسلام آباد کے اسکائی لائن کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور عمودی ترقی (Vertical Development) کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم اٹھایا ہے۔ سی ڈی اے کی ڈیزائن ویٹنگ کمیٹی (DVC) نے شہر کے اہم تجارتی مرکز بلیو ایریا میں دو بلند و بالا ٹاورز سمیت پانچ بڑے تعمیراتی منصوبوں کی اصولی منظوری دے دی ہے۔


وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی کی ہدایات، چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف کی قیادت اور ممبر پلاننگ سی ڈی اے محمد عمیر کی نگرانی میں ادارہ اسلام آباد کی ترقی کو تیز کرنے، سرمایہ کاری کو فروغ دینے اور کاروباری برادری، سرمایہ کاروں اور دیگر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو وفاقی دارالحکومت میں مختلف ترقیاتی منصوبوں میں سرمایہ کاری کے لیے راغب کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔سی ڈی اے بالخصوص بلند و بالا عمارتوں، جدید کمرشل پلازوں اور بین الاقوامی معیار کے ہوٹلز کی تعمیر کے فروغ پر توجہ دے رہا ہے تاکہ شہر کے تجارتی ڈھانچے کو مزید مستحکم کیا جا سکے، کاروبار کے نئے مواقع پیدا ہوں اور اسلام آباد کو ایک اہم سیاحتی مرکز کے طور پر ترقی دی جا سکے۔ اس اقدام کا وسیع تر مقصد اسلام آباد کو پاکستان کا ایک ترقی یافتہ، خوبصورت، جدید، سیاح دوست اور ماحول دوست دارالحکومت بنانا ہے، جبکہ شہر کی منفرد شناخت اور سرسبز ماحول کو بھی برقرار رکھا جائے گا۔

منصوبوں کی اصولی منظوری سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ ڈیزائن ویٹنگ کمیٹی کے اجلاس میں دی گئی، جس کی صدارت ممبر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ سی ڈی اے محمد عمیر نے کی۔ اجلاس میں مجوزہ منصوبوں کا جائزہ متعلقہ منصوبہ بندی کے ضوابط، تکنیکی تقاضوں اور تعمیراتی معیارات کی روشنی میں لیا گیا۔

اجلاس میں سب سے اہم منصوبہ بلیو ایریا، پلاٹ نمبر 13، سیکٹر F-8/G-8 میں 45 منزلہ مخلوط استعمال کی عمارت کی اصولی منظوری ہے، جس کی مجوزہ بلندی تقریباً 659 فٹ ہوگی۔ یہ عمارت اپنی بلندی اور وسعت کے اعتبار سے وفاقی دارالحکومت میں مجوزہ بلند ترین عمارتوں میں شمار ہوگی۔ تقریباً 557,641 مربع فٹ رقبے پر مشتمل اس منصوبے میں پارکنگ کے لیے پانچ کثیر المنزلہ زیرِ زمین منزلیں، گراؤنڈ فلور پر ریٹیل آؤٹ لیٹس، علیحدہ داخلی لابیز، ریستورانوں کے لیے مخصوص منزلیں، بالائی منزلوں پر رہائشی اپارٹمنٹس اور بلند ترین حصے میں پینٹ ہاؤسز شامل ہوں گے۔کمیٹی نے بلیو ایریا، پلاٹ نمبر 09، سیکٹر F-9/G-9 میں دوسرے ہائی رائز منصوبے کی بھی اصولی منظوری دی۔ مجوزہ ٹاور تقریباً 580 فٹ بلند ہوگا اور اس میں اضافی سروس فلورز سمیت 42 منزلیں تعمیر کی جائیں گی۔ یہ منصوبہ بلیو ایریا کو جدید تجارتی سرگرمیوں اور عمودی ترقی کے ایک اہم مرکز کے طور پر مزید مستحکم کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔ا ن دو اہم ہائی رائز منصوبوں کے علاوہ کمیٹی نے مزید تین منصوبوں کی بھی اصولی منظوری دی، تاہم ان پر عمل درآمد متعلقہ تکنیکی اعتراضات اور قابلِ اطلاق ضوابط کی تکمیل سے مشروط ہوگا۔ ان منصوبوں میں بحریہ گارڈن سٹی میں ٹریمیزو مال، گلبرگ گرینز کے بزنس پارک میں پلاٹ نمبر 62 اور پارک ایونیو نارتھ، گلبرگ گرینز میں پلاٹ نمبر 108 شامل ہیں۔چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف نے سرمایہ کاری میں سہولت فراہم کرنے، نجی شعبے کی شمولیت کی حوصلہ افزائی، جدید تعمیرات اور زمین کے مؤثر استعمال کو فروغ دینے اور بلڈنگ پلانز کی منظوری کے عمل کو تیز کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ سی ڈی اے سرمایہ کاروں اور ڈویلپرز کو سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے تاکہ نئے منصوبے اسلام آباد کی منصوبہ بند شہری ترقی، معاشی سرگرمیوں اور مجموعی خوبصورتی میں اضافے کا سبب بن سکیں۔*

سی ڈی اے نے مزید واضح کیا کہ سرمایہ کاری اور بلند و بالا عمارتوں کی تعمیر کے فروغ کے ساتھ منصوبہ بندی کے ضوابط، عمارتوں کے اسٹرکچرل استحکام، مناسب پارکنگ، آگ سے بچاؤ اور انسانی جانوں کے تحفظ کے حفاظتی معیارات پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔ تمام منصوبوں کو حتمی منظوری سے قبل متعلقہ قانونی، تکنیکی اور ضابطہ جاتی تقاضے پورے کرنا ہوں گے۔چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف کی قیادت اور ممبر پلاننگ محمد عمیر کی نگرانی میں سی ڈی اے سرمایہ کاروں اور دیگر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو سہولیات فراہم کرنے، بین الاقوامی معیار کے ترقیاتی منصوبوں کی حوصلہ افزائی کرنے اور اسلام آباد کو ایک جدید، خوشحال، خوبصورت، سیاح دوست اور ماحول دوست دارالحکومت بنانے کے وژن پر عمل درآمد جاری رکھے گا