جمعرات، 22 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

کرپٹو کرنسی ، فائدہ یا دھوکا؟ تحریر:مریم ڈار ،قسط نمبر 10

نقطہ نظر

پچھلی قسط میں ہم نے کینڈل اسٹک پیٹرنز کی مختلف اقسام، ان کی ساخت اور مارکیٹ میں ان کی اہمیت کو سمجھا۔ آج کی قسط میں ہم جانیں گے کہ کیا ان پیٹرنز کی مدد سے ٹریڈنگ کی جا سکتی ہے؟ اس کے ساتھ یہ بھی سمجھیں گے کہ بُل مارکیٹ اور بیئر مارکیٹ کیا ہوتی ہیں اور ان دونوں میں کیا فرق ہے۔

کینڈل اسٹک پیٹرنز ٹریڈرز کو مارکیٹ کی صورتِ حال سمجھنے میں مدد دیتے ہیں، لیکن صرف ان کی بنیاد پر ٹریڈنگ کرنا خطرناک ہو سکتا ہے۔ ایک کامیاب تجزیے کے لیے یہ دیکھنا ضروری ہے کہ پیٹرن کس جگہ بن رہا ہے، مارکیٹ کا مجموعی ٹرینڈ کیا ہے اور خریداری یا فروخت کا دباؤ کتنا ہے۔

اگر قیمت مسلسل نیچے آ رہی ہو اور کسی اہم سپورٹ لیول کے قریب ہیمر پیٹرن بن جائے تو یہ ممکنہ تیزی کا اشارہ ہو سکتا ہے۔ لیکن اگر اگلی کینڈل قیمت میں اضافے کی تصدیق نہ کرے تو یہ اشارہ کمزور بھی ثابت ہو سکتا ہے۔

اسی طرح، اگر قیمت مسلسل اوپر جا رہی ہو اور کسی اہم ریزسٹنس لیول کے قریب شوٹنگ اسٹار بن جائے تو ٹریڈرز اسے ممکنہ مندی کا اشارہ سمجھ سکتے ہیں۔ تاہم، اس صورت میں بھی قیمت کے نیچے آنے کی کوئی ضمانت نہیں ہوتی۔

ٹریڈنگ میں کینڈل اسٹک پیٹرنز کے ساتھ سپورٹ، ریزسٹنس، مارکیٹ ٹرینڈ اور والیوم کو بھی سمجھنا ضروری ہے۔ اس کے علاوہ، ہر ٹریڈ میں ممکنہ نقصان کو مدِنظر رکھتے ہوئے رسک مینجمنٹ اور اسٹاپ لاس کا استعمال بہت ضروری ہے۔

بُل مارکیٹ ایسی مارکیٹ کو کہا جاتا ہے جس میں قیمتوں کا عمومی رجحان اوپر کی طرف ہو۔ اس دوران خریداروں کی دلچسپی بڑھتی ہےاور مارکیٹ میں خریداری کا رحجان بڑھتاہے۔اگر بٹ کوائن کی قیمت ایک طویل عرصے تک مجموعی طور پر بڑھتی رہے اور مارکیٹ میں تیزی کا رجحان غالب ہو تو اسے بُل مارکیٹ کہا جا سکتا ہے۔بُل یعنی بیل کی مثال اس لیے دی جاتی ہے کہ بیل اپنے سینگوں سے وار کرتے ہوئے انہیں نیچے سے اوپر کی طرف اٹھاتا ہے۔ اسی طرح، مارکیٹ میں قیمتوں کے اوپر جانے کو بُلش رجحان کہا جاتا ہے۔بُل مارکیٹ میں بھی قیمتیں عارضی طور پر نیچے آ سکتی ہیں۔ اس لیے ہر قیمت میں اضافے کو بُل مارکیٹ کا آغاز سمجھنا درست نہیں۔

بیئر مارکیٹ ایسی مارکیٹ کو کہا جاتا ہے جس میں قیمتوں کا عمومی رجحان نیچے کی طرف ہو۔ اس دوران سرمایہ کاروں کا اعتماد کم ہوتا ہے، اور مارکیٹ میں مندی کا رجحان غالب رہتا ہے۔

اگر بٹ کوائن کی قیمت ایک طویل عرصے تک مجموعی طور پر گرتی رہے اور مارکیٹ میں فروخت کا دباؤ برقرار رہے تو اسے بیئر مارکیٹ کہا جاتا ہے۔بیئر یعنی ریچھ کی مثال اس لیے دی جاتی ہے کہ ریچھ اپنے پنجے اوپر سے نیچے کی طرف مارتا ہے۔ اسی طرح، مارکیٹ میں قیمتوں کے نیچے جانے کو بیئرش رجحان کہا جاتا ہے۔

بیئر مارکیٹ کے دوران بھی قیمتوں میں عارضی اضافہ ہو سکتا ہے، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ مارکیٹ کا مجموعی رجحان تبدیل ہو گیا ہے۔

بُل مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کا اعتماد عموماً زیادہ ہوتا ہے اور خریداری کی دلچسپی بڑھ سکتی ہے۔ اس کے برعکس، بیئر مارکیٹ میں غیر یقینی صورتِ حال اور فروخت کا دباؤ زیادہ ہو سکتا ہے۔

لیکن دونوں صورتوں میں قیمتیں مسلسل ایک ہی سمت میں نہیں چلتیں۔ مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ آتا رہتا ہے، اور یہی وجہ ہے کہ ٹریڈرز کو ان دونوں کے درمیان فرق سمجھنا چاہیے۔ یہ جان لینا کہ مارکیٹ بُلش ہے یا بیئرش، منافع کمانے کے لیے کافی نہیں۔ قیمت پہلے ہی بہت بڑھ چکی ہو تو خریداری نقصان کا سبب بنتی ہے، جبکہ گرتی ہوئی مارکیٹ میں جلد بازی سے فروخت کرنے پر بھی نقصان ہو تا ہے۔

بعض ٹریڈرز بُل مارکیٹ میں قیمت بڑھنے کے امکان سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتے ہیں، جبکہ بعض بیئر مارکیٹ میں قیمت گرنے کے امکان پر ٹریڈ کرتے ہیں۔ لیکن شارٹ ٹریڈنگ، خصوصاً لیوریج کے ساتھ، بہت زیادہ خطرناک ہو تی ہے اور اس میں نقصان تیزی سے بڑھتا ہے۔

نئے سیکھنے والوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ پہلے مارکیٹ کے رجحانات کو سمجھیں، چارٹس کا مشاہدہ کریں اور کسی بھی رقم کو خطرے میں ڈالنے سے پہلے رسک مینجمنٹ کے بنیادی اصول سیکھیں۔

کرپٹو مارکیٹ میں کینڈل اسٹک پیٹرنز، بُل مارکیٹ اور بیئر مارکیٹ کو سمجھنا تکنیکی تجزیے کے اہم حصے ہیں۔لیکن ان کی بنیاد پر منافع کی ضمانت نہیں دی جا سکتی۔

یاد رکھیں، کرپٹو ٹریڈنگ میں صرف قیمت کی سمت کا اندازہ لگانا کافی نہیں، بلکہ اپنے سرمائے کی حفاظت اور خطرات کو سمجھنا بھی اتنا ہی ضروری ہے۔

اگلی قسط میں ہم کرپٹو ٹریڈنگ میں لیوریج ، لانگ اور شارٹ پوزیشنز کے بارے میں جانیں گے، اور سمجھیں گے کہ کم سرمائے سے بڑی ٹریڈ لینے کا طریقہ کس طرح کام کرتا ہے اور اس میں کیا خطرات موجود ہیں۔

نوٹ: یہ تحریر صرف تعلیمی مقصد کے لیے ہے، اسے مالیاتی مشورہ یا خرید و فروخت کی سفارش نہ سمجھا جائے۔ کرپٹو کرنسی میں سرمایہ کاری اور ٹریڈنگ میں نقصان کا نمایاں خطرہ موجود ہے۔