بدھ، 28 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

کرپٹو کرنسی ، فائدہ یا دھوکا؟ تحریر: مریم ڈار،قسط 12

نقطہ نظر

پچھلی قسط میں ہم نے لیوریج، لانگ اور شارٹ پوزیشنز کے بارے میں سمجھا۔ آج کی قسط میں ہم کرپٹو ٹریڈنگ کے دو اہم طریقوں، اسپاٹ ٹریڈنگ اور فیوچرز ٹریڈنگ (جہاں حقیقت میں لیوریج، لانگ اور شارٹ پوزیشنز کا استعمال ہوتا ہے)کے درمیان فرق جاننے کی کوشش کریں گے۔ اس کے ساتھ تکنیکی تجزیے کے دو بنیادی انڈیکیٹرز، موونگ ایوریج اور آر ایس آئی کو بھی سمجھیں گے، تاکہ چارٹ کو پڑھنے اور مارکیٹ کے رجحانات کا جائزہ لینے میں آسانی ہو۔یہاں ایک اہم بات بتاتی چلوں کہ یہ انگریزی زبان کی اصطلاحات ہیں اور ان کو ویسے ہی اردو زبان میں لکھا جا رہا ہے۔

اسپاٹ اور فیوچر ٹریڈنگ کو پہلے ہم سیکھ چکے ہیں ایک دفعہ نظرِثانی ہو جاۓ،اسپاٹ ٹریڈنگ کرپٹو کرنسی خریدنے اور فروخت کرنے کا ایک ایسا طریقہ ہے جس میں ٹریڈر حقیقی ڈیجیٹل اثاثہ خریدتا یا فروخت کرتا ہے۔ اگر اس کی قیمت بڑھ جائے تو آپ اسے فروخت کرکے منافع حاصل کرتے ہیں، جبکہ قیمت گرنے کی صورت میں آپ کو نقصان بھی ہوتا ہے۔اسپاٹ ٹریڈنگ میں عموماً لیوریج استعمال نہیں ہوتی، اس لیے فیوچرز ٹریڈنگ کے مقابلے میں رقم ڈوبنے کے خطرات کم ہوتے ہیں۔ تاہم، اس کا مطلب یہ نہیں کہ اسپاٹ ٹریڈنگ مکمل طور پر محفوظ ہے۔ اگر کسی کرپٹو کرنسی کی قیمت بہت زیادہ گر جائے تو سرمایہ کار کو اپنے سرمائے کا بڑا حصہ یا حتیٰ کہ تقریباً تمام سرمایہ بھی کھونا پڑ سکتا ہے۔

فیوچرز ٹریڈنگ میں ٹریڈر عموماً کرپٹو کرنسی کی مستقبل کی قیمت میں اضافے یا کمی سے فائدہ اٹھانے کے لیے ایک معاہدے پر پوزیشن کھولتا ہے۔ اس میں ضروری نہیں کہ ٹریڈر اصل کرپٹو کرنسی کا مالک بنے۔

اسپاٹ ٹریڈنگ کے برعکس، فیوچرز میں ٹریڈر قیمت بڑھنے کی توقع پر لانگ اور قیمت گرنے کی توقع پر شارٹ پوزیشن کھول سکتا ہے۔ بعض ایکسچینجز پر فیوچرز ٹریڈنگ میں لیوریج بھی دستیاب ہوتی ہے،اگر لیوریج استعمال کی گئی ہو تو معمولی سی مخالف حرکت بھی آپ کے سرمائے کے بڑے حصے کو ختم کر دیتی ہے اور پوزیشن لیکویڈیٹ ہو جاتی ہے۔

پہلے ہم نے چارٹ انڈیکیٹرز میں کینڈلز کو پڑھنا سیکھا اب کچھ اور اینڈیکیٹرز کو دیکھتے ہیں۔

موونگ ایوریج ایک تکنیکی انڈیکیٹر ہے جو کسی کرپٹو کرنسی کی ایک مخصوص مدت کے دوران اوسط قیمت دکھاتا ہے۔ اس کا مقصد قیمت کے روزانہ اتار چڑھاؤ کو کسی حد تک ہموار کرکے مارکیٹ کے عمومی رجحان کو سمجھنے میں مدد دینا ہے۔

آر ایس آئی یعنی ریلیٹو سٹرینتھ انڈیکس ایک مومینٹم انڈیکیٹر ہے جو عموماً 0 سے 100 کے درمیان عدد دکھاتا ہے۔ اس کے ذریعے ٹریڈر یہجاننے کی کوشش کرتا ہے کہ قیمت میں حالیہ تیزی یا مندی کتنی مضبوط ہے۔

عام طور پرآر ایس آئی کی قدر 70 سے اوپر ہو تو مارکیٹ کو اوورباٹ اور 30 سے نیچے ہو تو اوورسولڈ کہا جاتا ہے۔

اوورباٹ کا مطلب یہ نہیں کہ قیمت لازماً گرنے والی ہے، اور نہ ہی اوورسولڈ ہونے کا مطلب یہ ہے کہ قیمت فوراً بڑھنا شروع ہو جائے گی۔ مضبوط رجحان کے دوران آر ایس آئی طویل عرصے تک ان سطحوں سے اوپر یا نیچے رہ سکتا ہے۔موونگ ایوریج اور آر ایس آئی ٹریڈر کو مارکیٹ کے رجحان اور قیمت کی رفتار کو سمجھنے میں مدد دیتے ہیں، لیکن ان میں سے کوئی بھی مستقبل کی قیمت کی ضمانت نہیں دیتا۔ بہتر تجزیے کے لیے انڈیکیٹرز کو سپورٹ، ریزسٹنس، والیوم اور مارکیٹ کی مجموعی صورتِ حال کے ساتھ دیکھنا چاہیے۔

یاد رکھیں، چارٹ پر نظر آنے والا ہر اشارہ منافع کا وعدہ نہیں ہوتا۔ ٹریڈنگ میں کامیابی کے لیے علم کے ساتھ صبر، نظم و ضبط اور خطرات کو سمجھنا بھی ضروری ہے۔

اگلی قسط میں ہم جانیں گے کہ کرپٹو ٹریڈنگ میں اسٹاپ لاس اور ٹیک پرافٹ کیا ہوتے ہیں، یہ کس طرح کام کرتے ہیں اور نقصان کو محدود کرنے اور منافع لینے کی منصوبہ بندی میں ان کا کیا کردار ہے۔

نوٹ: یہ تحریر صرف تعلیمی مقصد کے لیے ہے۔ اسے مالیاتی مشورہ یا خرید و فروخت کی سفارش نہ سمجھا جائے۔ کرپٹو کرنسی میں سرمایہ کاری اور ٹریڈنگ میں نقصان کا نمایاں خطرہ موجود ہے۔