بدھ، 21 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

کرپٹو کرنسی ، فائدہ یا دھوکا؟ تحریر: مریم ڈار،قسط نمبر 9

نقطہ نظر
مصنف:

پچھلی قسط میں ہم نے مارکیٹ ٹرینڈز، سپورٹ، ریزسٹنس اور والیوم کے بنیادی تصورات کو سمجھا۔ آج کی قسط میں ہم کینڈل اسٹک پیٹرنز کے بارے میں جانیں گے.

چارٹ پر ایک یا ایک سے زیادہ کینڈلز کی مخصوص ساخت کو کینڈل اسٹک پیٹرن کہا جاتا ہے۔ ان کی باڈی، وِکس، رنگ اور قیمت کے اتار چڑھاؤ سے ٹریڈرز یہ اندازہ لگانے کی کوشش کرتے ہیں کہ مارکیٹ میں خریداری کا دباؤ زیادہ ہے یا فروخت کا، اور آیا موجودہ ٹرینڈ جاری رہ سکتا ہے یا اس میں تبدیلی کے آثار موجود ہیں۔

تاہم، کوئی بھی پیٹرن مستقبل کی قیمت کی ضمانت نہیں دیتا۔ اس کی اہمیت کا اندازہ مارکیٹ کے مجموعی حالات اور دوسرے گرافس کے ساتھ ملاکر لگایا جاتا ہے۔ان کینڈلز کو مختلف نام دیے گئے ہیں۔

1۔ ڈوجی -ڈوجی ایک ایسی کینڈل ہے جس میں اوپننگ اور کلوزنگ پرائس ایک دوسرے کے بہت قریب ہوتی ہیں، جس کی وجہ سے اس کی باڈی بہت چھوٹی دکھائی دیتی ہے۔ اس کی وِکس لمبی یا چھوٹی ہو تی ہیں۔

یہ کینڈل ظاہر کرتی ہے کہ اس مخصوص مدت میں خریداروں اور فروخت کنندگان میں سے کوئی بھی قیمت کو واضح طور پر ایک سمت میں لے جانے میں کامیاب نہیں ہوا۔

اگر ڈوجی کسی طویل اپ ٹرینڈ یا ڈاؤن ٹرینڈ کے بعد بنے تو ٹریڈرز اسے ممکنہ تبدیلی یا غیر یقینی صورتِ حال کا اشارہ سمجھ سکتے ہیں۔ لیکن ہمیشہ کی طرح کرپٹو مارکیٹ میں صرف ڈوجی بننے کا مطلب یہ نہیں کہ مارکیٹ لازماً اپنی سمت تبدیل کر لے گی۔

2۔ ہیمر۔ہیمر ایک ایسی کینڈل ہے جس کی باڈی نسبتاً چھوٹی اور نچلی وِک لمبی ہوتی ہے، جبکہ اوپری وِک عموماً بہت چھوٹی یا موجود نہیں ہوتی۔یہ پیٹرن عموماً قیمت میں کمی کے بعد اہمیت اختیار کرتا ہے۔ اس کی لمبی نچلی وِک ظاہر کرتی ہے کہ قیمت ایک مرحلے پر نیچے گئی، لیکن بعد میں خریداروں کی سرگرمی کے باعث واپس اوپر آ گئی۔اگر ڈاؤن ٹرینڈ کے بعد ہیمر بنے اور اگلی کینڈل بھی قیمت میں بہتری کی تائید کرے تو اسے ممکنہ تیزی کا اشارہ سمجھا جا سکتا ہے۔ تاہم، اس کی تصدیق کے لیے مارکیٹ کے دیگر شواہد دیکھنا بھی ضروری ہے۔

3۔ شوٹنگ اسٹار۔شوٹنگ اسٹار کی باڈی نسبتاً چھوٹی، اوپری وِک لمبی اور نچلی وِک عموماً بہت چھوٹی ہوتی ہے۔یہ پیٹرن عام طور پر قیمت میں اضافے کے بعد اہم سمجھا جاتا ہے۔ اس کی ساخت ظاہر کرتی ہے کہ قیمت اوپر گئی، لیکن فروخت کے دباؤ کے باعث دوبارہ نیچے آ گئی۔اگر یہ پیٹرن اپ ٹرینڈ کے بعد بنے تو ٹریڈرز اسے ممکنہ کمزوری یا قیمت میں کمی کے امکان کے طور پر دیکھ سکتے ہیں۔ لیکن اس کی بنیاد پر فوری طور پر فروخت کا فیصلہ کرنا مناسب نہیں، کیونکہ مارکیٹ مزید اوپر بھی جا سکتی ہے۔

4۔ بُلش انگلفنگ۔یہ دو کینڈلز پر مشتمل ایک پیٹرن ہے۔ اس میں پہلی کینڈل عموماً مندی کی ہوتی ہے، جبکہ دوسری تیزی کی کینڈل کی باڈی پہلی کینڈل کی باڈی کو مکمل طور پر اپنے اندر سمیٹ لیتی ہے۔اگر یہ پیٹرن قیمت میں کمی کے بعد بنے تو اسے ممکنہ طور پر خریداری کے دباؤ میں اضافے کا اشارہ سمجھا جاتا ہے۔

اگر پہلی کینڈل کی باڈی 100 سے 95 تک ہو اور دوسری کینڈل کی باڈی 94 سے 102 تک بنے، تو دوسری کینڈل پہلی کینڈل کی باڈی کو مکمل طور پر ڈھانپ لیتی ہے۔یہ مثال صرف پیٹرن کو سمجھانے کے لیے ہے۔ حقیقی چارٹس میں قیمتوں کی ساخت مختلف ہو سکتی ہے۔

5۔ بیئرش انگلفنگ ۔یہ بُلش انگلفنگ کے برعکس ہے۔ اس میں پہلی کینڈل عموماً تیزی کی ہوتی ہے، جبکہ دوسری مندی کی کینڈل کی باڈی پہلی کینڈل کی باڈی کو مکمل طور پر اپنے اندر سمیٹ لیتی ہے۔اگر یہ پیٹرن قیمت میں اضافے کے بعد بنے تو اسے ممکنہ طور پر فروخت کے دباؤ میں اضافے اور قیمت میں کمی کے امکان کا اشارہ سمجھا جا سکتا ہے۔

تاہم، یہ ضروری نہیں کہ ہر بیئرش انگلفنگ کے بعد قیمت لازماً نیچے جائے۔ مارکیٹ کا ٹرینڈ، سپورٹ اور ریزسٹنس کی سطحیں اور والیوم اس پیٹرن کی اہمیت کو سمجھنے میں مدد دے سکتے ہیں۔

اگلی قسط میں ہم دیکھیں گے کہ کیا ان پیٹرنز کی مدد سے ٹریڈنگ کی جا سکتی ہے؟ بُل اور بیر مارکیٹ کیا ہے ؟

نوٹ: یہ تحریر صرف تعلیمی اور معلوماتی مقصد کے لیے ہے۔ کرپٹو اثاثوں میں قیمتوں کے اتار چڑھاؤ، فراڈ، سکیورٹی اور دیگر مالی خطرات موجود ہوتے ہیں۔ یہ کسی مخصوص کرپٹو اثاثے کو خریدنے یا فروخت کرنے کا مشورہ نہیں۔