امریکا کو پاکستان سے تعلقات کی ضرورت ہے، امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہےکہ جیسے بھارت کیلئے ایران سے تعلقات ضروری ہیں ویسے ہی امریکا کو پاکستان سے تعلقات کی ضرورت ہے۔
بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے مارکو روبیو نے کہا کہ ہم دنیا میں کہیں بھی ہونے والی دہشتگردی کے خلاف ہیں، ہم ہر اس شخص یا ملک کے خلاف ہیں جو دہشتگردی کی سرپرستی کرتا ہےامریکا کے پاکستان کے ساتھ تعلقات ہیں اور جغرافیائی نقطۂ نظر سے امریکا کے لیے پاکستان کے ساتھ تعلقات قائم رکھنا ضرو ری ہے۔
امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ جیسے بھارتی حکومت کو ایران سے تعلقات رکھنے کی ضرورت ہے اور بھارتی حکومت ایرانی رہنماؤں سے ملاقات کرتی ہے، اسی طرح امریکا کو پاکستان سے تعلقات کی ضرورت ہے۔
امریکی وزیر خارجہ کے مطابق پاکستان کے ساتھ بات چیت جاری رکھنےسے امریکا کو بھارت کے سیکیو رٹی خدشات دور کرنےمیں مدد مل سکتی ہے پاکستان کے ساتھ تعلقات کے ذریعے واشنگٹن ان اقدامات کی حوصلہ شکنی کرنے کی کوشش کر سکتا ہے جن پر بھارت کو تشویش ہے۔
انٹرویو کے دوران پاکستان کی جانب سے بھارت کے خلاف دہشتگردی کی سرپرستی کرنے کی صورت میں امریکی سیکیورٹی امداد روکنے سے متعلق ان کا سابقہ مؤقف تبدیل ہوگیا ہے؟ سوال پر انہوں نے کہا کہ بطور وزیر خارجہ انہیں امریکا کی خارجہ پالیسی چلانی ہے، جس کے لیے مختلف ممالک کے ساتھ تعلقات برقرار رکھنا ضروری ہے۔
مارکو روبیو نے الگ سے بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس کو انٹرویو دیتے ہوئے یہ یقین دہانی بھی کرائی کہ پاکستان سمیت کسی بھی ملک کے ساتھ امریکا کے تعلقات بھارت کے ساتھ اس کے تعلقات کی قیمت پر نہیں ہوں گے۔
مزید پڑھیں





