نئے صوبوں کا قیام،صدرمملکت اور بلاول بھٹو متحرک،اہم سیاسی رہنماؤں اور حکومتی نمائندوں سے ملاقاتیں

نئے صوبوں کے قیام اور اس حوالے سے ریفرنڈم پر حکومت اور اتحادیوں میں اتفاق کی کوششیں تیزی سے جاری ہیں، اس حوالے سے صدر مملکت آصف علی زرداری اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری بھی متحرک ہو گئے ہیں، لاہور اور اسلام آباد میں حکومتی نمائندوں اور اہم سیاسی رہنماؤں سے اہم ملاقاتیں ہوئی ہیں۔
صدر مملکت آصف علی زرداری لاہور کا 2 روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد اسلام آباد روانہ ہو گئے، دورے کے دوران چوہدری شجاعت حسین اور محسن نقوی سے اہم ملاقاتوں میں نئے صوبوں، ریفرنڈم اور مجموعی سیاسی صورتحال پر مشاورت کی گئی۔
ایوان صدر کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے جمعہ کو لاہور پہنچ کر مسلم لیگ ق کے سربراہ اور سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین سے ان کی رہائش گاہ ظہور پیلس پر اہم ملاقات کی۔
اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر، وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین، صوبا ئی وزیر چوہدری شافع حسین، سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف، سینیٹر سلیم مانڈوی والا اور ڈاکٹر عاصم بھی موجود تھے۔
اعلامیے کے مطابق صدر زرداری نے چوہدری شجاعت حسین کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا، جبکہ ملاقات میں قومی معاملات اور ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، صدر مملکت نے چو ہدری شجاعت حسین کی سیاسی بصیرت اور قومی مفاہمت میں کردار کو بھی سراہا۔
ذرائع کے مطابق اس ملاقات کے دوران ملک میں نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے قیام کا معاملہ بھی زیرِ بحث آیا، چو ہدری شجاعت حسین نے کہا کہ نئے صوبوں کا تعلق عوام کی سہولت، بہتر طرزِ حکمرانی اور انتظامی کارکردگی سے ہے، جبکہ مضبوط انتظامی یونٹس بھی ایک مؤثر راستہ ہو سکتے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس موقع پر کہا کہ تمام فیصلے عوام کی منشا کے مطابق ہونے چاہییں، جس پر صدر آصف علی زرداری نے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی بہتری کے لیے سب کو مل کر چلنا چاہیے۔
ہفتے کو صدر آصف علی زرداری نے گلبرگ لاہور میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی رہائش گاہ پر ان سے اہم ملاقات کی،اس ملاقات میں اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان بھی شریک تھےذرائع کے مطابق یہ ملاقات ایک گھنٹے سے زیادہ وقت تک جاری رہی، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، امن و امان کے اقدامات اور اہم قومی امو ر پر غور کیا گیا، گلبرگ میں ہونے والی اس بیٹھک میں نئے صوبوں سمیت مختلف سیاسی پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیا ل ہوا۔
ملاقات میں ملک میں ریفرنڈم اور صوبوں کی تقسیم کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی، جبکہ جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور ان کی جماعت کے حوالے سے بھی اہم مشاورت کی گئی۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے ترجمان کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے اس ملاقات کے بعد لاہور کا اپنا 2 روزہ دورہ مکمل کیا اور اسلام آباد کے لیے روانہ ہو گئے۔
واضح رہے کہ صدر زرداری کا یہ دورہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب ملکی سیاست میں نئے انتظامی یونٹس، ریفرنڈم اور اتحادی جماعتوں کے باہمی تحفظات پر گرما گرم بحث جاری ہے، جس کے پیشِ نظر اعلیٰ سیاسی قیادت کے درمیان را بطوں میں تیزی آ گئی ہے۔
ادھر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، حکومتی وفد اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے درمیان اہم ملاقات ہوئی ہے، جس میں پارلیمنٹ کے آئندہ اجلاس، ممکنہ قانون سازی کے ایجنڈے اور مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر چھاپے کے معاملات زیرِ بحث آئے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری کردہ اعلامیے کے مطابق نائب وزیرا عظم اسحاق ڈار اور ان کے ہمراہ حکومتی وفد اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے درمیان ہفتہ کے روز زرداری ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات ہوئی ۔
اس موقع پر حکومتی وفد میں اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری اور وزیر مملکت برائے داخلہ بلال اظہر کیانی بھی شریک تھے، ملاقات کے دوران چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی معاونت سینیٹر شیری رحمان اور رکن قومی اسمبلی نوید قمر نے کی۔
پیپلز پارٹی کے اعلامیے کے مطابق بلاول بھٹو زرداری اور حکومتی وفد کے درمیان پارلیمنٹ کے آئندہ اجلاس اور ’ممکنہ قانون سازی کے ایجنڈے‘ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
https://x.com/MediaCellPPP/status/2126697977842725083?a=ZWwrsb35sxHhZlkM4Y4&s=20
ملاقات میں بلاول بھٹو زرداری نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے مطالبہ کیا کہ وہ جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر ہونے والے چھاپے اور ’ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک‘ کے معاملے کو ذاتی طور پر دیکھیں۔
یہ اہم سیاسی بیٹھک ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ملک میں نئے صوبوں کے قیام اور ریفرنڈم کے انعقاد سے متعلق بحث جاری ہے۔
مزید پڑھیں





