ہفتہ، 28 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

باکو: مکسڈ مارشل آرٹس میں پاکستان کے محمد جواد عالمی چیمپیئن بن گئے


پاکستان کے نوجوان فائٹر محمد جواد نے آذربائیجان میں جاری ورلڈ مکسڈ مارشل آرٹس اینڈ پینکریشن چیمپیئن شپ کی انڈر 15 کیٹیگری میں گولڈ میڈل جیت لیا-


آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں جاری عالمی چیمپیئن شپ میں پاکستان کے ابھرتے ہوئے فائٹر محمد جواد نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا انہوں نے انڈر 15 پینکریشن کیٹیگری کے مقابلوں میں روس، قازقستان اور میزبان ملک آذربائیجان کے مضبوط فائٹرز کو یکطرفہ مقابلوں کے بعد شکست دے کر طلائی تمغہ اپنے نام کیا۔


باکو میں منعقد ہونے والی اس میگا ورلڈ چیمپیئن شپ میں دنیا کے تقریباً 35 ممالک سے تعلق رکھنے والے 1000 کھلاڑی شامل ہیں،عالمی سطح کے اس ایونٹ میں پاکستان کے مجموعی طور پر 3 فائٹرز مختلف کیٹیگریز میں سبز ہلالی پرچم کی نمائندگی کر رہے ہیں۔


نوجوان پاکستانی فائٹر محمد جواد اس سے قبل بھی بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکے ہیں،رواں برس ہی انہوں نے انڈر 16 ایشین چیمپیئن بننے کا بڑا اعزاز حاصل کیا تھا، جس کے بعد اب عالمی ٹائٹل جیت کر انہوں نے اپنی برتری ثابت کر دی ہے۔


پاکستان مکسڈ مارشل آرٹس فیڈریشن کے صدر ذوالفقار علی نے محمد جواد کی اس تاریخی کامیابی پر مسرت کا اظہار کیا ہے، محمد جواد کی یہ فتح پاکستان میں مکسڈ مارشل آرٹس کے کھیل کے روشن مستقبل اور نوجوان ٹیلنٹ کی صلا حیتوں کی واضح علامت ہے۔