وفاق کا مزید 8 لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے کا فیصلہ

وفاقی حکومت نے ملکی ذخائر برقرار رکھنے اور قیمتوں میں استحکام کے لیے مزید 8 لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ملک بھر میں آٹے کی قیمتوں میں اضافے نے شہریوں کی مشکلات بڑھا دی ہیں، کراچی، اسلام آباد اور پشاو ر میں آٹا مزید مہنگا ہوگیا ہےکراچی میں چکی کا آٹا 200 سے 210 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے، جبکہ فائن آٹے کی قیمت 190 سے 200 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے ڈھائی نمبر آٹے کی قیمت میں 10 روپے اضافے کے بعد یہ 180 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی آٹے کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جہاں 20 کلو آٹے کا تھیلا 3600 روپے اور 15 کلو کا تھیلا 2750 روپے میں فروخت ہو رہا ہے، شہری مہنگائی سے پریشان ہیں۔
خیبرپختونخوا میں بھی 20 کلو فائن آٹے کا تھیلا 300 روپے اضافے کے بعد 4 ہزار روپے، جبکہ 20 کلو مکس آٹے کا تھیلا 300 روپے مہنگا ہوکر 3800 روپے کا ہوگیا ہے۔
دوسری جانب وفاقی حکومت نے مزید 8 لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے کے لیے اقدامات شروع کردیے ہیں ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان نے اس سلسلے میں تیسرا عالمی ٹینڈر جاری کردیا ہے، جس کے تحت بولیاں جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 نومبر مقرر کی گئی ہے۔
حکام کے مطابق پاکستان اس سے قبل 5 لاکھ 50 ہزار میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے کے معاہدے کرچکا ہے نئی درآمد کا مقصد ملکی گندم کے ذخائر برقرار رکھنا اور آٹے کی قیمتوں میں استحکام لانا ہے۔
ٹینڈر کی شرائط کے مطابق گندم فراہم کرنے والے اداروں کے پاس کم از کم پانچ سال کا تجربہ اور 50 ہزار میٹرک ٹن گندم برآمد کرنے کی صلاحیت ہونا ضروری ہے درآمد کی جانے والی گندم 15 فروری 2027 تک کراچی یا گوادر بندرگاہ پہنچانا ہوگی۔
گندم کی درآمد اور ترسیل کے بعد مقامی منڈیوں میں آٹے کی رسد اور قیمتوں پر اس کے اثرات سامنے آئیں گے-
مزید پڑھیں





