پنجاب میں صفائی کی شکایات کے اندراج اور ورکرز کی تفصیلات کے لیے کیو آر کوڈ سسٹم متعارف

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا،جس میں ستھرا پنجاب پروگرام سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں صفائی سے متعلق شکایات کے اندراج اور عوامی رائے حاصل کرنے کیلئے کیو آر کوڈ سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا،شہری مختلف مقامات پر نصب کیو آر کوڈ اسکین کرکے ستھرا پنجاب کے ورکرز کی تفصیلات دیکھ سکیں گے اور صفائی سے متعلق شکایات بھی درج کراسکیں گے کیو آر کوڈ کے ذریعے صفائی کی صورتحال پر عوامی فیڈبیک بھی حاصل کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہد ایت کی کہ صفائی سے متعلق شکایات کا چند گھنٹوں میں ازالہ یقینی بنایا جائے۔
وزیراعلیٰ نے صوبے بھر میں جگہ جگہ کوڑے دان رکھنے، دیہی علاقوں میں شہریوں کو کوڑا مخصوص مقامات پر ڈالنے کی تربیت اور ترغیب دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے گاؤں میں ہفتے میں دو مرتبہ صفائی کے انتظامات کرنے، روزانہ ایک تحصیل کی ڈیپ کلیننگ اور گھر گھر سے کوڑا اٹھانے کا ہدف جلد مکمل کرنے کا حکم بھی دیا۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ شہروں اور دیہات کی صفائی پر یکساں توجہ دی جائے، کیونکہ صفائی سب کو نظر آتی ہے۔ ہر شہر اور گاؤں میں صفائی کے مسائل پر قابو پایا جا رہا ہے،انہوں نے ہر ضلع میں اینٹی لٹر نگ اسکواڈ کی موجودگی یقینی بنانے، گلیوں اور نالیوں میں بار بار کوڑا پھینکنےوالوں پرجرمانے عائد کر نے اور کمرشل مارکیٹوں، ریڑھی بازاروں سمیت زیادہ سے زیادہ مقامات پر کوڑے دان اور ڈرم نصب کر نے کی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ نے صفائی کی صورتحال، ورکرز کی حاضری اور مشینری کی فعالیت کی اچانک چیکنگ کا حکم دیتے ہوئے وزیر بلدیات کو خود بھی معائنہ کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے سڑکوں کے اطراف جڑی بوٹیوں اور جھاڑیوں کی تلفی کیلئے جدید مشینری استعمال کرنے اور ستھرا پنجاب کے ورکرز کی تعداد اور مشینری کی کمی پوری کرنے پر بھی زور دیا۔
اجلاس میں ستھرا پنجاب کے افسروں کی تنخواہیں کارکردگی سے مشروط کرنے کی تجویز کا بھی جائزہ لیا گیا وزیراعلیٰ نے ڈیرہ غازی خان، راجن پور، لیہ،مظفر گڑھ، کوٹ ادو،گوجرانوالہ،سیالکوٹ،نارووال، گجر ات، منڈی بہاؤالدین،حافظ آباد، ملتان ، وہاڑی، لودھراں، خانیوال، فیصل آباد، جھنگ، چنیوٹ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ورکرز اور مشینری کی دستیابی سے متعلق بریفنگ بھی لی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب بھر میں ستھرا پنجاب کی 93 ہزار سے زائد بیٹس تشکیل دی جاچکی ہیں، جبکہ 51 ہزار سے زائد خالی پلاٹس کی نشاندہی کے بعد 30 ہزار پلاٹس سے کوڑا کرکٹ ہٹا دیا گیا ہےصو بے بھر میں ستھرا پنجاب کے تمام ورکرز کو تنخواہوں کی ادائیگی کا ہدف بھی مکمل کرلیا گیا ہے صو بے میں 7 ہزار 843 کلومیٹر طویل 8 ہزار 376 ڈرینز کی صفائی بھی مکمل کی جاچکی ہے۔
مزید پڑھیں





