پیر، 23 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

پاکستان اور ترکیہ کے درمیان عدالتی تعاون کے فروغ کے معاہدے پر دستخط


اسلام آباد: پاکستان اور ترکیہ کے درمیان عدالتی تعاون کے فروغ کے لیے معاہدے کی تقریب منعقد ہوئی، جس سے چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی اور ترکیہ کی کورٹ آف سیشن کے صدر عمر کرکیز نے خطاب کیا۔


تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس نے کہا کہ  پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات وقت گزرنے کے ساتھ مزید مضبوط ہوئے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان عدالتی تعاون کا معاہدہ ان تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جائے گا۔


انہوں نے کہا کہ معاہدہ پاکستان اور ترکیہ کے عدالتی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا,پاکستان نے اپنے عدالتی نظام میں اصلاحات متعارف کر ائی ہیں اور ملک کا عدالتی نظام قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتا ہے۔


چیف جسٹس نے کہا کہ عدالتی نظام میں جدید ٹیکنالوجی کے فروغ سے انصاف کی فراہمی کا عمل مزید مؤثر بنایا جا سکے گا,ای کورٹ کے نظام سے عوام کی انصاف تک رسائی بہتر ہوگی اور عدالتی امور میں جدید سہولیات سے استفادہ کرنے کے مواقع بڑھیں گے-


اس موقع پر ترکیہ کی کورٹ آف سیشن کے صدر عمر کرکیز نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات قائم ہیں، جو باہمی اعتماد، احترام اور مشترکہ اقدار پر استوار ہیں۔


انہوں نے پاکستان آمد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنا نے کے خواہاں ہیں, پاکستان اور ترکیہ کے درمیان عدالتی تعاون کے فروغ کے وسیع مواقع موجود ہیں اور عدالتی نظام کے تجربات کا تبادلہ دونوں ممالک کے لیے فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے۔


عمر کرکیز نے کہا کہ قانون کی حکمرانی اور انصاف کی مؤثر فراہمی کے لیے دونوں ممالک کی مشترکہ کوششیں ضروری ہیں,جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے عدالتی نظام کو زیادہ مؤثر، شفاف اور جدید بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔


انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ عدالتی تعاون کا معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان ادارہ جاتی روابط کو مزید مستحکم کرنے اور عدالتی نظام میں بہتری کے لیے مشترکہ اقدامات کی راہ ہموار کرے گا۔