پیپلز پارٹی جعلی ڈومیسائل کےذریعے نوجوانوں کے حقوق سلب کر رہی ہے،مصطفیٰ کمال

وفاقی وزیر صحت اور ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما سید مصطفیٰ کمال نے پاکستان پیپلز پارٹی پر الزام عائد کیا کہ وہ جعلی ڈومیسائل کے ذریعے نوجوانوں کے حقوق سلب کر رہی ہے۔
شہر کے مختلف علاقوں کے دوروں کے دوران خطاب کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ موجودہ انتظامی ڈھانچے میں بڑھتی ہوئی آبادی اور بنیادی سہولتوں کی کمی سنگین مسائل کو جنم دے رہی ہے آبادی میں مسلسل اضافے کے باوجود شہریوں کو بنیادی سہولتیں میسر نہیں ہیں، جس کے منفی اثرات ملک کی معیشت پر بھی مرتب ہو رہے ہیں۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام سے انتظامی امور بہتر ہوں گے اور عوام کو معیاری تعلیم کے ساتھ روزگار کے نئے مواقع مل سکیں گے،انہوں نے پیپلز پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ جعلی ڈومیسائل جاری کر کے نوجوانوں کو ان کے جائز حقوق اور ملاز متوں کے مواقع سے محروم کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ انہوں نے کراچی کو بھارتی خفیہ ایجنسی را کے تسلط سے آزاد کرایا کراچی میں آباد تمام لسانی برادریوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی جان، مال اور عزت کا تحفظ ان کی ذمہ داری ہے۔
یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب سندھ کی سیاسی صورتحال کے تناظر میں پاکستان پیپلز پارٹی کے وفد کی سندھ اسمبلی میں ایم کیو ایم پاکستان کے وفد سے ملاقات طے ہے، جس میں دونوں جماعتوں کے درمیان باہمی سیاسی امور پر بات چیت متوقع ہے۔
مزید پڑھیں





