آتشزدگی کی وجہ سے پاکستانی نژاد رکن پارلیمنٹ کے کاروبار کو نقصان

گلاسگو: برطانیہ میں پاکستانی نژاد رکن پارلیمنٹ محمد سرور کی کمپنی یونائیٹڈ ہول سیل (اسکاٹ لینڈ) کے منافع میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کی بڑی وجہ کمپنی کے ایک گودام میں آتشزدگی کے نتیجے میں تقریباً 2 لاکھ 91 ہزار پاؤنڈ مالیت کے اسٹاک کا ضائع ہونا ہے۔
برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق کمپنی کے ایک گودام میں جنوری کے دوران شدید آتشزدگی ہوئی، جس سے بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا۔ کمپنی کی مالیاتی دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ انشورنس کلیم کے تصفیے کے بعد اسٹاک کے نقصان کی مد میں 291,276 پاؤنڈ کی رقم مختص کی گئی۔رپورٹ کے مطابق کمپنی کا قبل از ٹیکس منافع 2003ء میں کم ہو کر 434,610 پاؤنڈ رہ گیا، جو گزشتہ سال 499,424 پاؤنڈ تھا۔ منافع میں کمی کی بنیادی وجہ آگ سے متاثرہ اسٹاک کے نقصان کو اخراجات میں شامل کرنا تھا۔تاہم آتشزدگی کے باوجود کمپنی کی فروخت میں نمایاں اضافہ ہوا۔ یونائیٹڈ ہول سیل (اسکاٹ لینڈ) کی سالانہ فروخت 2002ء کے 4 کروڑ 33 لاکھ پاؤنڈ سے بڑھ کر 2003ء میں 6 کروڑ 70 لاکھ پاؤنڈ تک پہنچ گئی، جو 50 فیصد سے زیادہ اضافہ ہے۔
کمپنی نے گلاسگو کی ویسٹ اسٹریٹ پر 12 ہزار مربع فٹ پر مشتمل نیا ڈپو بھی قائم کیا، جہاں شراب اور دیگر فوری فروخت ہونے والی اشیاء کی خرید و فروخت پر توجہ دی گئی۔ اس نئے مرکز نے کمپنی کے کاروباری حجم میں اضافے میں اہم کردار ادا کیا۔محمد سرور نے 2002ء کے آغاز میں اپنے بھائی محمد رمضان سے کاروباری علیحدگی کے بعد یونائیٹڈ ہول سیل (اسکاٹ لینڈ) قائم کی تھی۔ دونوں بھائیوں نے سابقہ یونائیٹڈ ہول سیل گروسرز کے کاروبار کو تقسیم کر لیا تھا۔ محمد سرور کی کمپنی نے گروسری اور منجمد اشیائے خورونوش کے کاروبار پر توجہ مرکوز کی، جبکہ محمد رمضان نے سابقہ کاروباری نام برقرار رکھتے ہوئے اپنا الگ آپریشن جاری رکھا۔رپورٹ کے مطابق محمد سرور کاروبار کی روزمرہ ذمہ داریوں سے الگ ہو گئے تھے، جبکہ ان کے صاحبزادے عاطف سرور بطور منیجنگ ڈائریکٹر کمپنی کے انتظامی امور دیکھ رہے تھے۔ کمپنی میں 100 سے زائد افراد ملازم تھے۔
دوسری جانب محمد رمضان نے بھی اپنے کاروبار کو وسعت دی اور گلاسگو کے جنوبی علاقے میں 40 ہزار مربع فٹ پر مشتمل جگہ 20 لاکھ پاؤنڈ میں خریدی۔ اس کاروباری مرکز کے لیے مزید 40 ملازمین بھرتی کیے گئے، جس کے بعد ان کے کاروبار میں ملازمین کی تعداد 112 ہوگئی۔رپورٹ کے مطابق محمد رمضان کی کمپنی نے بھی گزشتہ سال 1 لاکھ 33 ہزار پاؤنڈ کا قبل از ٹیکس منافع حاصل کیا۔




