پیر، 16 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

ہم نیٹ ورک کے مالی معاملات پر تہلکہ خیز انکشافات،لندن ایوارڈ شو کی آمدن، دبئی میں اربوں کے لین دین

مصنف:

ہم نیٹ ورک کے مالی معاملات پر تہلکہ خیز انکشافات سامنے آئے ہیں،لندن ایوارڈ شو کی آمدن، دبئی میں اربوں کے لین دین، فیملی کمپنیوں کو کروڑوں کی ادائیگیاں اور سی ای او درید قریشی کا 36 کروڑ روپے سے زائد سالانہ معاوضہ، برطانیہ سے سامنے آنے والے تہلکہ خیز تحقیقاتی ڈوزیئر نے ہم نیوز کے سی ای او درید قریشی کے بڑے کالے دھن کے اسکینڈلز اور ہم ایوارڈز کی آڑ میں چلنے والی منی لانڈرنگ ایمپائر کو بے نقاب کر دیا!

ہم نیٹ ورک کے جمع کرائے گئے سرکاری مالیاتی گوشواروں، پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں دستیاب ریکارڈز اور برطانیہ کے کمپنیز ہاؤس میں جمع کرائی گئی کارپوریٹ دستاویزات نے ہم نیٹ ورک اور اس کے سی ای او درید قریشی کے مالیاتی معاملات پر سنگین سوالات اٹھا دئیے

یہ تضادات پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں لسٹڈ ایک کمپنی کے کارپوریٹ گورننس، مالیاتی شفافیت اور عام شیئر ہولڈرز کے ساتھ سلوک کے بارے میں بنیادی نوعیت کے سوالات کھڑے کرتے ہیں درید قریشی کا وزارتِ اطلاعات و نشریات اور آئی ایس پی آر میں اثر و رسوخ ہے اس طرح کے روابط نے انہیں ایک خوشگوار عوامی اور ادارہ جاتی ساکھ برقرار رکھنے میں مدد دی ہوئی

اصل مسئلہ یہ ہے کہ ایک پبلک لسٹڈ کمپنی کی انتظامیہ اپنے شیئر ہولڈرز کے بہترین مفاد میں کام کر رہی ہے یا پیچیدہ ملکی اور غیر ملکی کارپوریٹ انتظامات کو ایسے طریقوں سے استعمال کر رہی جن پر کڑی ریگولیٹری جانچ پڑتال کی ضرورت ہے

ستمبر 2024 میں ہم نیٹ ورک نے لندن کے ویمبلے ایرینا میں ایک ایوارڈ شو کا انعقاد کیا اسکے بعد کمپنی نے اپنی برطانوی ذیلی کمپنی 'ہم نیٹ ورک یو کے' میں اپنے 100 فیصد شئیرز کی ظاہر کردہ مالیت 9 کروڑ 59 لاکھ روپے سے کم کر کے صفر کر دی اور اس طرح ذیلی کمپنی کی مکمل ملکیت برقرار رکھتے ہوئے اپنے پاکستانی کھاتوں میں پوری سرمایہ کاری کو خسارہ ظاہر کر دیا اس قدر میں کمی (رائٹ ڈاؤن) کو جو چیز خاص طور پر مشکوک بناتی ہے وہ یہ ہے کہ اسی سال کے دوران ہم نیٹ ورک کی برطانیہ سے ہونے والی آمدنی میں 22 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 33 کروڑ 43 لاکھ روپے تک پہنچ گئی

عین اسی سال جب برطانیہ سے ہونے والے کاروبار میں خاطر خواہ اضافہ ہو رہا تھا ایک مکمل ملکیتی ذیلی کمپنی کی مالیت کو کم کر کے صفر کیسے کیا جا سکتا ہے؟

مارچ 2026 میں درید قریشی کی جانب سے جمع کرائے گئے برطانوی کمپنی کے کھاتوں سے مزید مالیاتی تضادات سامنے آتے ہیں اسکے بینک کیش بیلنس میں تقریباً دوگنا اضافہ ہو کر یہ 3 لاکھ 77 ہزار پاؤنڈ تک پہنچ گیا جبکہ واجب الادا قرضے (لائبلیٹیز) 32 لاکھ پاؤنڈ سے تجاوز کر گئے اور مجموعی خسارہ 19 لاکھ 58 ہزار پاؤنڈ تک جا پہنچا

اس سے بھی اہم بات یہ ہے کہ کمپنی کی عوامی دستاویزات میں نفع و نقصان کا کھاتہ شامل نہیں برطانوی قانون کے تحت چھوٹی کمپنیوں کو دستیاب رپورٹنگ استثنیٰ کا سہارا لیتے ہوئے ذیلی کمپنی کو آمدنی اور اخراجات کے تفصیلی اعداد و شمار شائع کرنے کی ضرورت نہیں پڑی اور اسے قانونی آڈٹ سے بھی استثنیٰ مل گیا نتیجتاً ویمبلے ایونٹ کی اصل مالیاتی کارکردگی بشمول ٹکٹوں کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقم، اسپانسرشپ کی آمدنی، آپریشنل اخراجات اور حتمی منافع کی عوامی طور پر دستیاب کھاتوں سے آزادانہ تصدیق نہیں کی جا سکتی

کمپنیوں کے مابین لین دین (انٹر کمپنی ٹرانزیکشنز) کا مالیاتی طریقہ کار بھی اتنے ہی سنگین سوالات اٹھاتا ہے اپنی برطانوی ذیلی کمپنی کی مالیت کو صفر کرنے کے بعد ہم نیٹ ورک کی پاکستانی پیرنٹ کمپنی نے اسی ذیلی کمپنی کے ذمے واجب الادا 10 کروڑ 53 لاکھ روپے کی رقم کو بھی ناقابلِ وصول تجارتی قرض قرار دیتے ہوئے کھاتوں سے خارج (رائٹ آف) کر دیا اسی دوران دبئی میں قائم ہم نیٹ ورک کی ذیلی کمپنی 'ہم نیٹ ورک ایف زیڈ ایل ایل سی' سے قابلِ وصول ظاہر کی جانے والی رقم 2024 میں 2 ارب 59 کروڑ روپے سے بڑھ کر 2026 میں 5 ارب 32 کروڑ روپے سے تجاوز کر گئی اس غیر معمولی اضافے کے حوالے سے ان لین دین کی نوعیت، پیشگی رقوم کے تجارتی مقصد، واپسی کے انتظامات اور ان فنڈز کی حتمی موجودگی و استعمال کے بارے میں تفصیلی وضاحت درکار ہے

ایک پبلک لسٹڈ پاکستانی کمپنی کے لیے غیر ملکی ذیلی کمپنیوں میں پھنسے ہوئے اربوں روپے کو محض ایک اندرونی اکاؤنٹنگ معاملہ قرار دے کر نظر انداز نہیں کیا جا سکتا خود ویمبلے ایوارڈ شو بھی آمدنی ظاہر کرنے اور مالیاتی شفافیت کے حوالے سے بنیادی سوالات کھڑے کرتا ہے ہزاروں ٹکٹوں کے باوجود، جانچے گئے سرکاری ریکارڈز کے ذریعے ٹکٹوں کی فروخت سے حاصل ہونے والی آمدنی کی کوئی متعلقہ تفصیل سامنے نہیں آ سکی برینٹ کونسل کے سرکاری ریکارڈ میں جو واحد مخصوص اندراج ملا ہے وہ مقامی کونسلر اجمل اکرم کو دیے گئے 10 اعزازی (کمپلیمنٹری) ٹکٹوں سے متعلق ہے جن کی مالیت 450 پاؤنڈ تھی یہ اندراج ٹکٹوں کی وسیع تر فروخت یا ایونٹ کی مجموعی مالیاتی کارکردگی کی وضاحت نہیں کرتا

اتنی ہی تشویشناک بات 'الائنس ایڈورٹائزنگ' کے کھاتوں کی ہے جو اس ایونٹ کے لیے اسپانسرشپ انتظامات کی ذمہ دار برطانوی ایجنسی تھی اسکی عوامی دستاویزات میں نفع و نقصان کا کھاتہ ظاہر نہیں کیا گیا اور سال کے آخر میں صفر بینک بیلنس ظاہر کرنے کے باوجود 15 لاکھ پاؤنڈ کے واجب الادا ریسیو ایبلز دکھائے گئے یہ اعداد و شمار اسپانسرشپ کی آمدنی کی اصل وصولی، منتقلی اور حساب کتاب پر سوالات اٹھاتے ہیں

کمپنی کی سالانہ رپورٹ میں 2022 کے کینیڈا ایوارڈز شو سے وابستہ اس وعدے کی تصدیق کے لیے بھی کوئی قابلِ شناخت اکاؤنٹنگ اندراج، رقم یا رسید موجود نہیں ہے جس میں ٹکٹوں کی آمدنی پاکستان کے سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے دینے کا اعلان کیا گیا تھا وہ وعدہ کردہ رقم کہاں گئی اور اس بات کو ثابت کرنے کے لیے کیا دستاویزی ثبوت موجود ہے کہ یہ رقم واقعی ادا کی گئی تھی؟

مالی سال 2025 کے دوران ہم نیٹ ورک نے پروڈکشن اخراجات کی مد میں 7 ارب 68 کروڑ روپے ظاہر کیے اور ایک ہی مالی سال کے اندر خاندانی ملکیت والی منسلک پروڈکشن کمپنیوں بشمول ایم ڈی پروڈکشنز اور مومنہ اینڈ درید فلمز کو 2 ارب 47 کروڑ روپے کی ادائیگیاں کیں

ایک طرف کمپنی بھاری پروڈکشن اخراجات اور اکاؤنٹنگ خسارے ظاہر کر رہی ہے تو دوسری طرف اربوں روپے اسکی اپنی انتظامیہ اور خاندانی کاروباری مفادات سے منسلک اداروں کو ادا کیے جا رہے ان لین دین کی آزادانہ جانچ پڑتال ہونی چاہیے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا یہ معاملات غیر جانبدارانہ تجارتی اصولوں (آرمز لینتھ) کے تحت اور ہم نیٹ ورک کے حقیقی تجارتی مفاد میں کیے گئے تھے سب سے زیادہ حیران کن تضاد خود درید قریشی کا اپنا معاوضہ ہے 2025 کے دوران انہوں نے بطور سی ای او تنخواہ، بونس اور دیگر مراعات کی مد میں 36 کروڑ 12 لاکھ روپے وصول کیے یہ رقم سالانہ 36 کروڑ روپے سے زائد یا پورے سال کے اوسط کے حساب سے تقریباً 3 کروڑ روپے ماہانہ بنتی ہے

ایک طرف کمپنی کی غیر ملکی سرمایہ کاری اور آپریشنز کو بھاری نقصانات (رائٹ ڈاؤنز) اور مجموعی خسارے کی صورت میں پیش کیا جا رہا جبکہ اسکا چیف ایگزیکٹو غیر معمولی طور پر بھاری ذاتی معاوضہ وصول کرنا جاری رکھے ہوئے ہے واضح سوال یہ ہے کہ عام شیئر ہولڈرز مشکوک غیر ملکی سرمایہ کاری اور ظاہر کردہ خساروں کے مالی نتائج کیوں بھگتیں جبکہ سی ای او بدستور اتنے بھاری مالی فوائد حاصل کرتا رہے؟

شیئر ہولڈرز کا سرمایہ کمپنی کے مالیاتی خطرات کی زد میں ہوتا ہے جبکہ انفرادی غیر ملکی منصوبوں کی کارکردگی سے قطع نظر ایگزیکٹو کا معاوضہ بدستور ادا کیا جا سکتا ہے ان بھاری اخراجات اور ایگزیکٹو ادائیگیوں کے باوجود ہم نیٹ ورک کی پیرنٹ کمپنی نے اکاؤنٹنگ خساروں اور ایڈجسٹمنٹس کے بعد انکم ٹیکس کی ذمہ داری کے بجائے 2 کروڑ 52 لاکھ روپے کا خالص ٹیکس کریڈٹ ظاہر کیا

مسئلہ محض یہ نہیں ہے کہ ہم نیٹ ورک کو نقصان ہوا ہے یا نہیں اصل سوال یہ ہے کہ آیا ان نقصانات، غیر ملکی مالیاتی انتظامات، متعلقہ فریقین کو ادائیگیوں اور ایگزیکٹو مراعات کا درست حساب رکھا گیا اور کمپنی کے عام شیئر ہولڈرز کے سامنے شفاف طریقے سے ظاہر کیا گیا یا نہیں برطانیہ سے ہونے والی فروخت میں اضافے کے باوجود برطانوی ذیلی کمپنی کی مالیت صفر کیوں کی گئی؟ اس ذیلی کمپنی سے واجب الادا ایک بڑی رقم کو کھاتوں سے کیوں خارج کیا گیا؟ دبئی کی ذیلی کمپنی کے ذمے درج رقوم دوگنی سے بھی زیادہ کیوں ہو گئیں؟ ویمبلے شو کی آمدنی اور اخراجات کے تفصیلی کھاتے کہاں ہیں؟ ٹکٹوں اور اسپانسرشپ سے حاصل ہونے والی رقوم کا کیا ہوا؟ پاکستان کے سیلاب متاثرین کو دی جانے والی وعدہ کردہ امداد کے حق میں کیا دستاویزی ثبوت موجود ہے؟ اور خاندان سے منسلک پروڈکشن کمپنیوں کو ادا کیے جانے والے اربوں روپے حقیقی اور منصفانہ قیمتوں پر مبنی تجارتی لین دین ہونے کو یقینی بنانے کے لیے کون سے آزادانہ تحفظات موجود ہیں؟

ایک پبلک لسٹڈ کمپنی کا سی ای او سالانہ 36 کروڑ روپے سے زائد معاوضہ لینے کا جواز کیسے پیش کر سکتا ہے جبکہ شیئر ہولڈرز کو ظاہر کردہ خساروں، غیر ملکی سرمایہ کاری کی مالیت میں کمی اور مشکوک مالیاتی انتظامات کے نتائج بھگتنے کے لیے چھوڑ دیا گیا ہو؟ پاکستان اسٹاک ایکسچینج، (SECP)، (FBR)، (NAB) اور دیگر متعلقہ ریگولیٹری اداروں کو ان لین دین کا جائزہ لینا چاہیے، معاون بینک ریکارڈ حاصل کرنا چاہیے، متعلقہ فریقین کے معاملات کی چھان بین کرنی چاہیے اور کمپنی کی ملکی و غیر ملکی ذیلی کمپنیوں کے مابین رقوم کی اصل منتقلی اور استعمال کا تعین کرنا چاہیے کیونکہ ایک پبلک لسٹڈ کمپنی اپنے شیئر ہولڈرز اور عوام کے سامنے جواب دہ ہوتے