پیر، 16 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

پنوں قتل سازش کیس،امریکی پراسیکیوٹرز نے بھارتی ایجنٹ وکاش یادو کو پاکستان میں الگ قتل کی سازش سے بھی جوڑ دیا

l8063v1o_gurpatwant-singh-pannun-twitter_625x300_12_October_22
مصنف:

نیو یارک : امریکی پراسیکیوٹرز نے سکھ رہنما گرپتونت سنگھ پنوں کے قتل کی سازش میں ملوث نکھل گپتا کے لیے 24 سال اور 5 ماہ (293 ماہ) قید کی سزا کی سفارش کرتے ہوئے ایک الگ قتل کی سازش میں بھی بھارتی سرکاری اہلکار وکاش یادو کے ساتھ اس کے مبینہ رابطوں کا انکشاف کیا ہے۔


امریکی محکمہ انصاف کی جانب سے عدالت میں جمع کرائی گئی سزا سے متعلق دستاویز کے مطابق مئی 2023 میں نکھل گپتا نے وکاش یادو کو پیغام دیا تھا کہ پاکستان میں مبینہ ہدف کو قتل کرنے کے لیے بھیجے گئے افراد پہنچ چکے ہیں اور اس کی تلاش کر رہے ہیں۔


پراسیکیوٹرز کے مطابق اس کے بعد وکاش یادو نے گپتا سے پیش رفت کی معلومات طلب کیں اور مبینہ طور پر قاتلوں کو اضافی رقم دینے کی ہدایت کی تاکہ وہ اگلے ہی روز پاکستان میں کارروائی مکمل کریں۔


عدالتی دستاویز میں مزید کہا گیا ہے کہ بھارتی ایجنٹ وکاش یادو نے مبینہ ہدف کے مختلف مقامات کی تفصیلات بھی فراہم کیں، جو نکھل گپتا کے ذریعے ان افراد تک پہنچائی جانی تھیں۔


امریکی پراسیکیوٹرز کے مطابق 14 مئی 2023 کو وکاش یادو نے گپتا کو ہدایت دی کہ اگر ان افراد نے ہدف کو واقعی پکڑ لیا ہے تو اسے قتل کر دیں، ورنہ دوبارہ ایسا موقع نہیں ملے گا۔


دستاویز میں وکاش یادو کے بھارتی حکومت سے تعلق کی بھی نشاندہی کی گئی ہے۔ پراسیکیوٹرز کے مطابق یادو بھارتی حکومت کے کابینہ سیکریٹریٹ میں ملازم تھا، جہاں بھارت کا خفیہ ادارہ ریسرچ اینڈ اینالیسس ونگ (را) بھی قائم ہے۔


دوسری جانب نکھل گپتا کے وکلا نے بھی عدالتی دستاویز میں اعتراف کیا ہے کہ گپتا اور وکاش یادو نے نیپال یا پاکستان میں ایک الگ ممکنہ ہدف کے حوالے سے بات چیت کی تھی۔


امریکی پراسیکیوٹرز نے گرپتونت سنگھ کے قتل کی سازش کو سیاسی قتل کی کوشش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس منصوبے نے امریکی خودمختاری اور بنیادی اقدار کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔


واضح رہے کہ نکھل گپتا نے 13 فروری 2026 کو گرپتونت سنگھ پنوں کے قتل کی سازش، قتل کے لیے اجرت دینے کی سازش اور منی لانڈرنگ کی سازش سے متعلق الزامات تسلیم کر لیے تھے۔امریکی ڈسٹرکٹ جج وکٹر میرّیرو کی عدالت میں نکھل گپتا کی سزا کا فیصلہ 20 نومبر کو متوقع ہے۔