منگل، 27 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

پاکستان سمیت دنیا بھر میں کشمیری آج یوم سیاہ منا رہے ہیں


کنٹرول لائن کے دونوں اطراف اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج یوم سیاہ منا رہے ہیں,اس دن کو منانے کا مقصد عالمی برادری کی توجہ مسئلہ کشمیر کی جانب مبذول کرانا اور کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے مطالبے کو اجاگر کرنا ہے۔


27 اکتوبر 1947 کو بھارت نے سری نگر میں اپنی فوجیں اتار کر کشمیر پر فوجی قبضے کا آغاز کیا تھا, اس اقدام کے خلاف کشمیری ہر سال 27 اکتوبر کو یوم سیاہ مناتے ہیں یوم سیاہ کےموقع پرمقبوضہ جموں و کشمیر میں مکمل ہڑتال اوراحتجاجی مظاہروں کااعلان کیا گیا ہے جبکہ دنیا کے مختلف ممالک میں آباد کشمیری بھی ریلیوں اور احتجاجی سرگرمیوں کے ذریعے اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں گے۔


ان مظاہروں اور سرگرمیوں کا مقصد عالمی برادری سے مطالبہ کرنا ہے کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے اور کشمیری عوام کو ان کا حق خودارادیت دیا جائے۔


مظفرآباد میں بھی یوم سیاہ کے سلسلے میں شاہراہ سری نگر پر کنٹرول لائن کی جانب مارچ کیا جائے گا۔ مارچ کے شرکا ضلع جہلم ویلی کے علاقے ہٹیاں بالا میں بھارت کے خلاف احتجاج کریں گے۔


یوم سیاہ کشمیرکے موقع پرآزاد جموں وکشمیر کےعوام کا کہنا تھا کہ 27 اکتوبر1947 کو مقبوضہ کشمیر پر بھارتی فوج کے غیرقانونی قبضے کیخلاف کشمیری عوام کی جدوجہد آج بھی جاری ہے۔


شہریوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرکےعوام کواقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دیا جائے، کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، کشمیری عوام پاکستان کے ساتھ اٹوٹ رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔