خواجہ آصف مسٹر پتلو کی مہندی میں حادثے پر شدید برہم

وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے ڈسکہ میں ٹک ٹاکر مسٹر پتلو کی شادی کی تقریب میں بھگدڑ سے دو افراد کی ہلاکت اور درجنوں کے زخمی ہونے کے واقعے کی شدید مذمت کی ہے-
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ مسٹر پتلو کے نام سے مشہور ٹک ٹاکر نے شادی کی تقریب میں قیمتی انعامات اور بھاری نقد رقوم دینے کا اعلان کرکے لوگوں کی بڑی تعداد جمع کی، ان کے بقول یہ سارا ڈراما سوشل میڈیا سے مزید کمائی کرنے کے لیے کیا گیا، جہاں انعامات اس کی سرمایہ کاری اور اصل کمائی کا ذریعہ سوشل میڈیا تھا۔
وزیر دفاع نے کہا کہ علاقہ کے غریب عوام کی غربت کا مذاق بنایا گیا تقریب میں جمع ہونے والے بڑے ہجوم کے دوران بھگدڑ مچنے سے دو افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئےانہوں نے دعویٰ کیا کہ متعلقہ ٹک ٹاکر مفرور ہے اور اپنا اثرورسوخ استعمال کرکے قانون کو بے اثر بنانے کی کوشش کررہا ہے،بے لگام سوشل میڈ یا معاشرے اور ریاست کے لیے زہرِ قاتل ثابت ہوسکتا ہے، اس لیے اس کا احتساب ہونا چاہیے۔
https://x.com/KhawajaMAsif/status/2116924567444926614?a=wpeg69D51CTCacTF0mg&s=20
انہوں نے ٹک ٹاکرز کی آمدن اور ٹیکس قوانین پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ کروڑوں نہیں بلکہ اربوں روپے کما رہے ہیں، تاہم یہ دیکھنا ہوگا کہ کیا موجودہ ٹیکس قوانین ان کی سرگرمیوں کو ریگولیٹ کررہے ہیں؟
واضح رہے کہ مسٹر پتلو کی ٹیم کی جانب سے سوشل میڈیا پر مہندی کی تقریب کے دوران عام شہریوں میں 2 کروڑ روپے تقسیم کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ ایک کار، 50 موٹر سائیکلیں، موبائل فونز اور دیگر قیمتی تحائف دینے کی تشہیر بھی کی گئی تھی۔
سیالکوٹ کے اسپورٹس اسٹیڈیم میں مسٹر پتلو کی مہندی کی تقریب کے دوران انعامی تقریب کے لیے گیٹ مقررہ وقت سے پہلے کھول دیے گئے تھے، جس کے باعث وہاں موجود افراد میں افراتفری پھیل گئی اور بھگدڑ مچ گئی،واقعے میں 13 افراد زخمی ہوئے جبکہ 30 سالہ عقیل اسپتال منتقلی کے دوران دم توڑ گیا۔ واقعے کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کیا، جس میں مسٹر پتلو سمیت 9 افراد نامز د اور 40 سے 45 نامعلوم افراد کو شامل کیا گیا۔ پولیس نے مبینہ طور پر ملوث 6 ملزمان کو گرفتار بھی کیا ہے۔
مسٹر پتلو کا اصل نام انصر محمود ہے اور وہ ٹک ٹاک پر لائیو نشریات اور براہِ راست گفتگو کے ذریعے شہرت رکھتے ہیں۔ انہیں پاکستان کے معروف اور زیادہ آمدن حاصل کرنے والے ٹک ٹاکرز میں شمار کیا جاتا ہے۔
مزید پڑھیں



