پاکستان کا معاشی سفر استحکام سے پائیدار ترقی کی جانب جاری ہے ،محمد اورنگزیب

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان نے ورچوئل اثاثوں کے لیے قانونی اور زیرِ نگرانی مالیاتی نظام کی جانب اہم پیش رفت کی ہے-
پاکستان بینکس ایسوسی ایشن کی تقریب سے ورچوئل خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان کا معاشی سفر استحکام سے پائیدار ترقی کی جانب جاری ہے، اس مقصد کے لیے مالیاتی نظم و ضبط، برآمدات میں اضافے اور نجی سرمایہ کاری کا فروغ ناگزیر ہے, ڈیجیٹل اثاثوں کو مالیاتی نظام میں جگہ حقیقی معاشی فوائد اور کاروبار میں آسانی کی بنیاد پر ملنی چاہیے۔ ریگولیٹری نظام میں مختلف اقسام کے ڈ یجیٹل اثاثوں اور ان سے متعلق معاشی سرگرمیوں کو الگ الگ مدنظر رکھنا ہوگا۔
وزیر خزانہ نے بتایا کہ ورچوئل اثاثہ جات ایکٹ 2026 کے تحت پاکستان میں قانونی فریم ورک قائم کیا گیا ہے، جبکہ پاکستان ورچوئل اثاثہ جات ریگولیٹری اتھارٹی (پی وی اے آر اے) ورچوئل اثاثہ خدمات فراہم کرنے والوں کی لائسنسنگ اور نگرانی کی ذمہ دار ہے۔
انہوں نے کہا کہ بینک فار انٹرنیشنل سیٹلمنٹس کا منصوبہ ’اگورا‘ ٹوکنائزڈ بینک ڈپازٹس کے ذریعے سرحد پار ادائیگیوں کے امکانات کا جائزہ لے رہا ہے، جس میں مرکزی بینک کے ذخائر کے استعمال کو بھی زیرِ غور لایا جارہا ہے۔
محمد اورنگزیب کے مطابق بلاک چین نیٹ ورکس پر ادارہ جاتی صارفین کے لیے ڈپازٹ ٹوکنز کا استعمال ڈیجیٹل مالیاتی جدت کی عملی مثال ہے, ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ساتھ رقوم کا تحفظ اور ممکنہ خطرات سے نمٹنے میں بینکوں کا کردار انتہائی اہم ہے۔
مزید پڑھیں




