جمعرات، 29 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

مریم نواز کا فالج کے علاج کے لیے 5 ارب روپے فوری جاری کرنے کا حکم

SCO Summit will play a role in the development and prosperity of the region, Maryam Nawaz | Baaghi TV

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے فالج کے مریضوں کے فوری علاج کے لیے 5 ارب روپے آج ہی منتقل کرنے کی ہدایت کی ہے-


پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز لاہور میں عالمی یومِ فالج کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ فالج ایک ہنگامی طبی صورتِ حال ہے جس میں بروقت علاج نہ ہونے سے مریض مستقل معذوری کا شکار ہو سکتا ہے۔ اس لیے مریض کو فوری طبی امداد فراہم کرنا ضروری ہے۔


انہوں نے کہا کہ ہائی بلڈ پریشر، ذیابیطس، دل کی دھڑکن میں بے قاعدگی اور کولیسٹرول کی زیادتی فالج کے اہم خطرات میں شامل ہیں ان عوامل کو قابو میں رکھنے، بلڈ پریشر اور کولیسٹرول کی نگرانی کرنے اور علامات سے آگاہ رہنے کی ضرورت ہے-


وزیراعلیٰ نے بتایا کہ چہرے کا ایک طرف ڈھلک جانا، بازو میں کمزوری یا فالج اور بولنے میں دقت فالج کی اہم علامات ہیں۔ ایسی علامات ظاہر ہونے پر عمر سے قطع نظر مریض کو فوری اسپتال پہنچانا چاہیے، کیونکہ علاج میں تاخیر سے دماغ کو مستقل نقصان پہنچ سکتا ہے۔


مریم نواز نے کہا کہ فالج کے علاج کے لیے مریض کو ساڑھے 4 گھنٹے کی اہم مدت کے اندر طبی امداد ملنا بہت ضروری ہے۔ جنوبی پنجاب سمیت دور دراز علاقوں سے مریضوں کو لاہور منتقل کرنا مہنگا اور مشکل ہو سکتا ہے، اس لیے مختلف اضلاع میں علاج کی سہولتیں فراہم کرنا ناگزیر ہے۔


انہوں نے بتایا کہ پنجاب کے 23 اضلاع میں 40 پرائمری اسٹروک سینٹرز فعال ہیں، جبکہ مزید 15 مراکز قائم کیے جا رہے ہیں۔ ان مراکز میں فالج کے مریضوں کو خون کا لوتھڑا تحلیل کرنے کے لیے مخصوص انجیکشن لگانے کی سہولت دستیاب ہے، جس سے مستقل معذوری کے خطرے کو کم کیا جا سکتا ہے۔


وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس علاج کے لیے خصوصی مہارت درکار ہوتی ہے، اسی لیے ڈاکٹر قاسم اور ڈاکٹر آصف طبی عملے اور نرسوں کی تربیت بھی کر رہے ہیں۔ انہوں نے جدید طبی مشینری اور علاج کی سہولتوں کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس شعبے پر جتنے وسائل خرچ کیے جائیں، کم ہیں۔


مریم نواز نے بتایا کہ فالج کے علاج میں استعمال ہونے والے مخصوص انجیکشن کی قیمت تقریباً 3 لاکھ روپے ہے، جو عام آدمی کے لیے برداشت کرنا مشکل ہے۔ بروقت علاج مریض کو معذوری سے بچانے کے ساتھ اس کے خاندان کو بھی شدید مالی اور معاشرتی مشکلات سے محفوظ رکھنے میں مدد دے سکتا ہے۔


انہوں نے متعلقہ ڈاکٹروں کو ہدایت کی کہ فنڈز کی کمی کا سامنا ہو تو وہ براہِ راست ان سے رابطہ کریں اور یقین دہانی کرائی کہ فالج کے مریضوں کے علاج کے لیے مالی وسائل کی کمی نہیں ہونے دی جائے گی۔