سائبر کرائمز اور آن لائن فراڈ کے خلاف کارروائیاں، ٹک ٹاکر سمیت 15 ملزمان گرفتار
لاہور: نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) لاہور زون نے سائبر کرائمز اور آن لائن فراڈ کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے ٹک ٹاکر سمیت 15 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ کارروائیاں ایڈیشنل ڈائریکٹر لاہور زون عاطف امیر کی نگرانی میں کی گئیں۔
این سی سی آئی اے کے مطابق خاتون کی نازیبا ویڈیو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنے کے الزام میں ٹک ٹاکر شہزیب سیالکوٹی کو گرفتار کر لیا گیا، ملزم کے قبضے سے 2 موبائل فون بھی برآمد ہوئے۔ملتان میں جعلی شادی بیورو اور آن لائن فراڈ کے خلاف کارروائیوں کے دوران رشتوں کا جھانسہ دے کر شہریوں سے رقم بٹورنے والے 4 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔اسی طرح جعلی برانچ لیس بینکنگ اکاؤنٹس کے ذریعے اور خود کو ویزا ایجنٹ ظاہر کرکے شہریوں سے لاکھوں روپے ہتھیانے والے 6 ملزمان بھی قانون کی گرفت میں آ گئے۔ ملزمان کے قبضے سے موبائل فونز اور سمیں برآمد کی گئیں۔این سی سی آئی اے نے ملتان کی کچہری روڈ پر ایک غیر قانونی کال سینٹر پر چھاپہ مار کر 2 خواتین سمیت 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ کارروائی کے دوران لیپ ٹاپ اور ڈیجیٹل ریکارڈ بھی قبضے میں لے لیا گیا۔حکام کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ٹیلی کام کمپنیوں کے نام پر شہریوں کا ڈیٹا حاصل کرنے والے ایک بڑے فراڈ نیٹ ورک کا بھی انکشاف ہوا ہے۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے لاہور زون عاطف امیر نے کہا ہے کہ شہریوں کو سائبر جرائم سے محفوظ رکھنے کے لیے کارروائیوں کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ خواتین کے خلاف نازیبا مواد استعمال کرنے اور اسے سوشل میڈیا پر پھیلانے میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
مزید پڑھیں





