اتوار، 29 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

وزیراعظم کا غزہ میں جنگ بندی پر مکمل عمل درآمد اور بلارکاوٹ انسانی امداد کی فراہمی پر زور

6 sep

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی پر مکمل عمل درآمد اور بلا ر کاوٹ انسانی امداد کی فراہمی ضروری ہے۔


فلسطینی عوام سے یکجہتی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ حکومت اورپاکستان کے عوام اپنے فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کےساتھ غیرمتزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہیں,فلسطینی عوام کئی دہائیوں سے غیر قانونی قبضے، بے دخلی اور تشدد کے مسلسل سلسلوں کے سنگین نتائج بھگت رہے ہیں۔


وزیراعظم نے کہا کہ غزہ میں انسانی مصائب، شہری تنصیبات کی وسیع پیمانے پر تباہی، جبری بے دخلی اور مسلسل انسانی بحران عالمی برادری کو یاد دلاتا ہے کہ بین الاقوامی قوانین اور فلسطینی عوام کے بنیادی حقوق کا تحفظ اجتماعی ذمہ داری ہے۔


انہوں نے کہا کہ پاکستان فلسطین کے معاملے پر اصولی اور مستقل مؤقف رکھتا ہے اور فلسطینی کاز کے لیے عالمی کوششوں میں پیش پیش رہا ہے پاکستان نے 7 دیگر عرب اور اسلامی ممالک کے ساتھ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2803 کی حمایت کی، جس کا مقصد غزہ تنازع کے خاتمے کے جامع منصوبے پر عمل درآمد اور فلسطینیوں کے حق خودارادیت و ریاستی تشخص کے لیے قابل اعتبار اور وقت مقرر سیاسی عمل کو آگے بڑھانا ہے۔


وزیراعظم نے زور دیا کہ جنگ بندی پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جائے، غزہ کے عوام تک بلا رکاوٹ انسانی امداد پہنچائی جائے اور تعمیر نو کا عمل فوری شروع کیا جائے انہوں نے فلسطینی علاقوں کے انضمام، جبری بے دخلی یا مقبوضہ فلسطینی علاقوں کی آبادیاتی اور جغرافیائی حیثیت تبدیل کرنے کی کسی بھی کوشش کو مسترد کردیا۔


انہوں نے مسجد اقصیٰ اور القدس الشریف میں اسرائیل کی مسلسل خلاف ورزیوں اور یروشلم کی تاریخی و قانونی حیثیت تبدیل کرنے کی کوششوں کی بھی شدید مذمت کی۔


شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان متعلقہ اقوام متحدہ کی قراردادوں، بین الاقوامی قوانین اور عرب امن اقدام کے مطابق فلسطین کے مسئلے کے منصفانہ، پائیدار اور جامع حل کے لیے پرعزم ہے۔


وزیراعظم کے مطابق اس حل کے تحت جون 1967 سے قبل کی سرحدوں پر مشتمل ایک آزاد، خودمختار، قابل عمل اور جغرافیائی طور پر متصل فلسطینی ریاست کا قیام ضروری ہے، جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو اور فلسطین کو اقوام متحدہ کی مکمل رکنیت د ی جائے۔


شہباز شریف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان فلسطینی عوام کی آزادی، انصاف اور آزاد ریاست کے قیام کی جائز خواہشات کی تکمیل کے لیے عالمی برادری کے ساتھ مل کر کوششیں جاری رکھے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے اسرائیلی قبضے کا خاتمہ اور مسئلہ فلسطین کا منصفانہ حل ناگزیر ہے۔