پاکستان کی مدینہ منورہ میں شہری بجلی کی تنصیب پر حوثی حملے کی شدید مذمت

اسلام آباد: پاکستان نے مدینہ منورہ میں شہری بجلی کی تنصیب پر حوثیوں کے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے 29 ستمبر کو مدینہ منورہ میں طیبہ پاور ڈسٹری بیوشن اسٹیشن پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہری تنصیب پر حملہ قابلِ مذمت اور سنگین اشتعال انگیزی ہے۔دفتر خارجہ نے کہا کہ مسجد نبوی ﷺ کو بجلی فراہم کرنے والے نظام پر حملہ باعث تشویش ہے، حرمین شریفین کا تقدس اور نمازیوں و زائرین کی سلامتی ہر حال میں مقدم رہنی چاہیے۔پاکستان نے ایسے غیر ذمہ دارانہ اقدامات فوری اور غیر مشروط طور پر بند کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ حوثی حملے علاقائی امن و سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے لیے مکمل حمایت کا اعادہ کرتا ہے اور ہر حال میں برادر ملک سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے۔
پاکستان نے حرمین شریفین کے تحفظ اور زائرین کی سلامتی کے لیے سعودی عرب کی کوششوں کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن و استحکام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا اور سعودی عرب کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔





