جمعہ، 27 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

وزیراعظم یوتھ لون اسکیم، قرض کی حد 75 لاکھ سے بڑھا کر ڈھائی کروڑ روپے کردی گئی

مصنف:

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی حکومت نے نوجوانوں کے لیے وزیراعظم یوتھ بزنس و ایگریکلچر لون اسکیم میں اہم تبدیلی کرتے ہوئے قرض کی زیادہ سے زیادہ حد 75 لاکھ روپے سے بڑھا کر 2 کروڑ 50 لاکھ روپے کردی ہے، جس کے لیے اسکیم میں نیا ٹیئر 4 متعارف کرادیا گیا ہے۔


اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے اسکیم میں ترامیم سے متعلق مراسلہ تمام بینکوں کو ارسال کردیا ہے، جس کے مطابق نئے ٹیئر 4 کے تحت 75 لاکھ روپے سے زائد اور ڈھائی کروڑ روپے تک قرض حاصل کیا جاسکے گا۔مراسلے کے مطابق ٹیئر 4 کے تحت طویل مدتی قرض کی زیادہ سے زیادہ مدت 8 سال مقرر کی گئی ہے، جس میں ایک سال تک کا گریس پیریڈ بھی شامل ہوگا۔ قرض کے لیے سیکیورٹی بینک کی اپنی پالیسی کے مطابق حاصل کی جائے گی۔اسکیم کے تحت قرض کی نئی درجہ بندی بھی برقرار رکھی گئی ہے۔ ٹیئر 1 میں 5 لاکھ روپے تک، ٹیئر 2 میں 5 لاکھ سے 15 لاکھ روپے تک، جبکہ ٹیئر 3 میں 15 لاکھ سے 75 لاکھ روپے تک قرض فراہم کیا جائے گا۔ نئے ٹیئر 4 میں قرض کی حد 75 لاکھ سے ڈھائی کروڑ روپے تک ہوگی۔


اسٹیٹ بینک کے مراسلے کے مطابق ٹیئر 4 کے لیے بینک ریٹ 6 ماہ کے کائیبور پلس 2.4 فیصد مقرر کیا گیا ہے، جبکہ قرض لینے والے صارف کے لیے شرح سود 8 فیصد ہوگی۔ قرضوں کے خطرات کم کرنے کے لیے پورٹ فولیو پر 10 فیصد تک فرسٹ لاس کوریج بھی فراہم کی جائے گی۔ ٹیئر 3 کی دیگر شرائط نئے ٹیئر 4 پر بھی لاگو ہوں گی۔مراسلے میں ٹیئر 3 کے بینک ریٹ کو بھی تبدیل کرکے 6 ماہ کے کائیبور پلس 2.4 فیصد کردیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ لیپ ٹاپ فار آل اور پروسپیکٹو اوورسیز ورکرز کو ٹیئر 5 میں منتقل کردیا گیا ہے۔


اسٹیٹ بینک نے بینکوں کو ہدایت کی ہے کہ اسکیم میں خواتین کے لیے قرضوں کا کوٹہ بڑھا کر کم از کم 30 فیصد کیا جائے۔ تاہم اسکیم کی دیگر شرائط و ضوابط اور سبسڈی کی ادائیگی کا طریقہ کار برقرار رہے گا۔مراسلے کے مطابق نئی شرائط کا اطلاق مراسلے کے اجرا کے بعد تقسیم ہونے والی فنانسنگ پر ہوگا۔


واضح رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم یوتھ بزنس و ایگریکلچر لون اسکیم میں صرف تین ٹیئرز شامل تھے۔ ٹیئر 1 کے تحت 5 لاکھ روپے تک بلاسود قرض، ٹیئر 2 میں 5 لاکھ روپے سے زائد اور 15 لاکھ روپے تک 5 فیصد شرح سود، جبکہ ٹیئر 3 میں 15 لاکھ روپے سے زائد اور 75 لاکھ روپے تک 7 فیصد شرح سود پر قرض فراہم کیا جاتا تھا۔وزیراعظم یوتھ بزنس و ایگریکلچر لون اسکیم کا بنیادی مقصد نوجوانوں کو کاروبار اور زراعت کے شعبوں میں آسان شرائط پر مالی معاونت فراہم کرنا اور انہیں خود روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے قابل بنانا ہے