فیفا نے سائبر حملے کی تصدیق کردی، محدود ذاتی اور کاروباری معلومات تک غیر مجاز رسائی کا انکشاف

عالمی فٹبال کی گورننگ باڈی فیفا نے اپنے سسٹم پر سائبر حملے کی تصدیق کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ غیر مجاز افراد ادارے کی محدود ذاتی اور کاروباری معلومات تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے۔
فیفا کے مطابق سائبر حملے کا علم جمعرات 26 نومبر کو ہوا، تاہم ادارے نے تاحال یہ واضح نہیں کیا کہ حملہ کب کیا گیا اور اس سے کتنے افراد کا ڈیٹا متاثر ہوا۔خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سائبر حملے میں فیفا کے مجموعی ڈیٹا کا 0.1 فیصد سے بھی کم حصہ متاثر ہوا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ہیکرز نے فیفا کے سافٹ ویئر کی تکنیکی خامی سے فائدہ اٹھانے کے بجائے ادارے کے ملازمین کا روپ دھار کر سسٹم تک رسائی حاصل کی۔رپورٹس کے مطابق ’ہینڈسم بوائے ہیکنگ کلب‘ نامی ہیکرز گروپ نے سوشل میڈیا پر حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے گزشتہ ہفتے فیفا کی اندرونی دستاویزات کے اسکرین شاٹس جاری کیے تھے۔ گروپ نے 12 گیگا بائٹس سے زائد ڈیٹا چوری کرنے کا دعویٰ بھی کیا ہے۔
ہیکرز کے دعوے کے مطابق چوری شدہ فائلوں میں اعلیٰ حکام کی ذاتی تفصیلات، مالیاتی ریکارڈ، قانونی دستاویزات اور امیگریشن سے متعلق کاغذات شامل ہیں، تاہم فیفا نے ان دعوؤں کی تصدیق نہیں کی۔ذرائع کے مطابق فیفا کے منسوخ کیے گئے ورلڈ کپ کمرشل رائٹس منصوبے سے متعلق دستاویزات اس سائبر حملے سے متاثر نہیں ہوئیں۔فیفا نے ذاتی معلومات کی چوری اور ان کی آن لائن تشہیر کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے رازداری کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ ادارے کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات اور ممکنہ نقصان پر قابو پانے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سائبر سیکیورٹی حکام کے ساتھ مل کر کام کیا جا رہا ہے۔
مزید پڑھیں





