مولانا فضل الرحمان کو پاکستان یا افغانستان میں سے ایک کا انتخاب کرنا ہوگا: عطا اللہ تارڑ

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کا احتجاج کوئی اتنی بڑی بات نہیں، معمولی ٹریفک جام ہوتے رہتے ہیں، تاہم مولانا فضل الرحمان کی اپنی جماعت کے لوگ بھی انہیں سمجھانے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن وہ تصادم چاہتے ہیں۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ انہیں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہونا ہے یا افغانستان اور طالبان کے ساتھ۔ وہ ایک عسکری جماعت کی طرح برتاؤ کر رہے ہیں، انہیں ایک قدم پیچھے ہٹ کر معاملات کے حل کے لیے راستے نکالنے چاہئیں۔وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ اگر راستے بند نہ کیے جائیں تو معاملات بہتر ہو سکتے ہیں۔ یہ مناسب نہیں کہ ماضی میں پرویز مشرف کا ایل ایف او منظور کرانے والے مولانا فضل الرحمان آج ایک جمہوری حکومت کے ریفرنڈم کو غلط قرار دے رہے ہیں۔بلاول بھٹو زرداری سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ بلاول بھٹو آج کل زیادہ غصے کا اظہار کر رہے ہیں، انہیں ریفرنڈم کے خوف میں مبتلا نہیں ہونا چاہیے۔ عوامی رائے سے اتنا خوف کیوں ہے؟انہوں نے کہا کہ اگر بلاول بھٹو زرداری بانی پی ٹی آئی کو سیاسی قیدی سمجھتے ہیں تو انہیں عدالت میں قانونی دلائل دینے چاہئیں۔ بلاول سیاسی دلیل کی جگہ قانونی اور قانونی دلیل کی جگہ سیاسی دلیل دے رہے ہیں۔
عطا اللہ تارڑ نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کے ساتھ ہمارے اختلافات ضرور ہیں، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ تعلقات ختم ہو گئے ہیں۔صوبوں سے متعلق معاملے پر بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ اگر یہ معاملہ پارلیمان میں آیا تو پاکستان تحریک انصاف سے بھی اس حوالے سے رائے لی جا سکتی ہے۔
مزید پڑھیں





