جمعہ، 27 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

کراچی، 5 سال کے دوران عمارتیں گرنے کے 15 بڑے واقعات، 87 افراد جاں بحق

مصنف:

کراچی میں گزشتہ پانچ برس کے دوران عمارتیں گرنے کے 15 بڑے واقعات میں مجموعی طور پر 87 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں، شہر میں خستہ حال اور غیر محفوظ عمارتوں کا مسئلہ سنگین صورتحال اختیار کرگیا ہے۔


میڈیا رپورٹس کے مطابق ضلع جنوبی میں عمارتیں گرنے کے 3 واقعات میں 31 افراد جان سے گئے، جبکہ ضلع کیماڑی میں بھی 3 واقعات کے دوران 23 افراد جاں بحق ہوئے۔ ضلع شرقی میں عمارتیں گرنے کے 3 واقعات میں 20 افراد اور ضلع کورنگی میں 2 واقعات کے نتیجے میں 6 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔


اسی طرح ضلع وسطی میں عمارتیں گرنے کے 2 واقعات میں 5 افراد جاں بحق ہوئے، جبکہ ضلع ملیر اور ضلع غربی میں عمارت گرنے کا ایک ایک واقعہ پیش آیا، جن میں دونوں اضلاع میں ایک، ایک شخص جاں بحق ہوا۔


رپورٹ کے مطابق لیاری کے علاقے بغدادی میں پانچ منزلہ عمارت گرنے سے 27 افراد جاں بحق ہوئے، شیر شاہ میں گیس دھماکے کے بعد عمارت منہدم ہونے سے 17 افراد جان کی بازی ہار گئے، جبکہ سولجر بازار کی گل رانا کالونی میں عمارت گرنے سے 15 افراد جاں بحق ہوئے۔


شاہ فیصل کالونی میں زیر تعمیر عمارت گرنے سے 5 مزدور جاں بحق ہوئے، نیو کراچی میں فیکٹری کا ڈھانچہ گرنے سے 4 فائر فائٹرز جان سے گئے، جبکہ مچھر کالونی میں پیش آنے والے دو مختلف واقعات میں عمارت اور چھت گرنے سے 6 افراد جاں بحق ہوئے۔


اس کے علاوہ پی آئی بی کالونی میں عمارت گرنے سے 2، اولڈ لیاری میں 2 اور کھڈا مارکیٹ لیاری میں غنی مینشن کا حصہ گرنے سے 2 افراد جاں بحق ہوئے۔


نارتھ ناظم آباد، اللہ والا ٹاؤن، بھینس کالونی اور منگھوپیر روڈ پر بھی عمارتیں گرنے کے واقعات رپورٹ ہوئے۔ دوسری جانب کراچی کے علاقے ایڈمن سوسائٹی میں عمارت گرنے کے حالیہ واقعے میں بھی جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہوگئی ہے۔