پیرس میں عالمی خبر رساں ادارہ اے ایف پی سائبر حملے کے زد میں

پیرس میں عالمی خبر رساں ادارے ایجنسی فرانس پریس (اے ایف پی) نے سائبر حملے کے بعد اپنا آن لائن پلیٹ فارم ’اے ایف پی فورم‘ عارضی طور پر بند کر دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اے ایف پی کی انتظامیہ نے سائبر حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ حملے کا آغاز پیرس کے مقامی وقت کے مطابق رات ایک بج کر 30 منٹ پر ہوا، جو پاکستانی وقت کے مطابق صبح 5 بج کر 30 منٹ بنتا ہے۔ سائبر حملے میں خبر رساں ادارے کے آن لائن پلیٹ فارم اے ایف پی فورم کو نشانہ بنایا گیا۔انتظامیہ کی جانب سے جاری داخلی ای میل میں کہا گیا ہے کہ سائبر حملے کا علم ہوتے ہی احتیاطی اقدامات کے تحت پلیٹ فارم کو آف لائن کر دیا گیا ہے، جو آئندہ اطلاع تک دستیاب نہیں ہوگا۔اے ایف پی انتظامیہ کے مطابق واقعے کی تحقیقات کے لیے بیرونی سائبر سکیورٹی ماہرین کی خدمات حاصل کر لی گئی ہیں، تاہم تاحال حملے میں ملوث عناصر کی شناخت نہیں ہو سکی۔
اے ایف پی فورم خبر رساں ادارے کے صارفین اور سبسکرائبرز کو ادارے کے صحافتی مواد تک رسائی، اس کی تلاش اور ڈاؤن لوڈ کرنے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔ پلیٹ فارم کی بحالی تک صارفین کو متبادل سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ حالیہ مہینوں میں فرانس سمیت مختلف ممالک میں کمپنیوں اور سرکاری اداروں کو نشانہ بنانے والے سائبر حملوں کے سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ ان میں سے بعض حملوں کے پیچھے مالی فوائد کے حصول کے لیے سرگرم جرائم پیشہ گروہوں کا ہاتھ بتایا گیا ہے، جبکہ بعض واقعات میں عدم استحکام پیدا کرنا بنیادی مقصد قرار دیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں





