جمعہ، 27 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

مولانا فضل الرحمان کی گرفتاری،جے یو آئی نے قائمقام امیر کا اعلان کر دیا

مصنف:

جے یو آئی کے ترجمان اسلم غوری نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن نے ملک میں امن و امان برقرار رکھنے اور کارکنوں و حکومت کے درمیان تصادم سے بچنے کے لیے گرفتاری دینے کا فیصلہ کیا۔ قائد جمعیت نے ملک کو خونریزی اور انتشار سے بچانے کے لیے بڑا فیصلہ کیا۔


اسلم غوری نے اپنے بیان میں کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن کو 11 گھنٹوں سے زائد وقت تک لاہور کے علاقے ٹھوکر نیاز بیگ کے مقام پر محصور رکھا گیا۔ لاہور پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے ان کا راستہ روکا، وہ سرگودھا میں جلسے کے لیے روانہ ہوئے تھے۔ ڈی آئی جی لاہور نے انہیں واپس گھر جانے کا مشورہ دیا، جسے مولانا فضل الرحمٰن نے مسترد کر دیا۔ بعد ازاں سی سی پی او لاہور موقع پر پہنچے اور انہیں گرفتاری کے احکامات سے آگاہ کیا۔ترجمان جے یو آئی کے مطابق مولانا فضل الرحمٰن نے حکومتی عزائم کو بھانپتے ہوئے کارکنوں اور حکومت کے درمیان تصادم کے بجائے گرفتاری کو ترجیح دی۔ پارٹی کارکنان گزشتہ 10 گھنٹوں سے ملک بھر کی شاہراہوں پر دھرنا دیے بیٹھے تھے اور عوام و کارکنوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر حالات سنگین ہو رہے تھے۔ مولانا فضل الرحمٰن نے عوامی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے گرفتاری کا فیصلہ کیا۔


اسلم غوری نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی رکاوٹوں کے باعث لاہور کے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے ہوئے اور قومی و صوبائی شاہراہیں بند رہیں۔ ہم پورے ملک اور قوم کے شکر گزار ہیں اور عوام کو پہنچنے والی تکلیف پر معذرت خواہ ہیں۔انہوں نے اعلان کیا کہ جے یو آئی کی تحریک اور جدوجہد بدستور جاری رہے گی اور آج نماز جمعہ کے بعد ملک بھر کے ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔ترجمان کے مطابق مولانا خواجہ خلیل احمد نے قائم مقام مرکزی امیر کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔ پارٹی کے سابقہ فیصلوں اور مولانا فضل الرحمٰن کے بیانیے کے مطابق تحریک جاری رکھی جائے گی، جبکہ آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان پارٹی قیادت باہمی مشاورت کے بعد کرے گی۔