رانا ثنا اللہ نے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کا ذمہ دار امریکی صدرکو ٹھہرا دیا

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثنا اللہ نے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کا ذمہ دار امر یکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ٹھہرا دیاکہا کہ عوام کی جانب سےمہنگائی کی شکایات بجا ہیں، تاہم موجو دہ صو رتحال میں حکومت کا نہیں بلکہ ٹرمپ کا قصور ہوسکتا ہے۔
فیصل آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان جنگ کا آغاز ڈونلڈ ٹرمپ نے کیا، جبکہ ایران نے بھی پوری قوت سے جواب دیا پاکستان نے دونوں ممالک سے جنگ ختم کرنے کی درخواست کی اور جنگ بندی کے لیے بھرپور کوششیں کیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان جنگ رکوانے کی کوششوں سے عالمی سطح پر پاکستان کی عزت اور وقار میں اضافہ ہوا ہے۔ اس سلسلے میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بھی اہم کردار ادا کیا اور جنگ روکنے کے لیے کوششیں کیں۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ جنگ ختم ہونے سے پاکستان کی معاشی صورتحال بہتر ہوگی اور ملک خوشحالی کی جانب بڑھے گا۔ ان کے مطابق جنگ کے خاتمے کے بعد پیٹرول کی قیمتوں میں بھی کمی آئے گی آبنائے ہرمز کی بندش کے باعث قطر سے گیس کی فراہمی معطل ہے، تاہم پاکستان نے قطر کے ساتھ معاہدے کے تحت گیس حاصل کی ہے۔
خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے دعویٰ کیا کہ صوبے سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے برسوں نہیں بلکہ چند ہفتے درکار ہوں گے پنجاب میں انسداد دہشت گردی کے محکمے نے دہشت گردی کو جڑ سے ختم کر دیا ہے اور اب صوبے میں دہشت گردی کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پہلے ہر دوسرے یا تیسرے روز جرائم کی وارداتوں کی اطلاعات سامنے آتی تھیں۔ ڈکیتی کے دوران قتل اور خواتین کی عزت لوٹنے جیسے واقعات بھی پیش آتے تھے معاشرے کو ایسے ناسوروں سے پاک کرنا انتہائی ضروری ہے۔ عام آدمی کو آج بھی انصاف کے حصول میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جبکہ امن قائم کرنا اور شہریوں کی جان و مال کو تحفظ فراہم کرنا حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔
مزید پڑھیں




