اتوار، 22 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

رینالہ خورد سہولت بازار کا معاملہ، 17 پرانے دکاندار دکانوں سے محروم، انتظامیہ سے انصاف کی اپیل

مصنف:

رینالہ خورد: حکومت پنجاب کی جانب سے رینالہ خورد میں قائم کیے گئے سہولت بازار کے معاملے پر 17 پرانے دکانداروں نے دکانیں الاٹ نہ ہونے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ سے انصاف کی اپیل کی ہے۔


متاثرہ دکانداروں کے مطابق سہولت بازار کی تعمیر کے لیے جگہ حاصل کرنے کی غرض سے ان کی 17 دکانیں مسمار کی گئیں۔ اس وقت کے اسسٹنٹ کمشنر رینالہ خورد نے انہیں یقین دہانی کروائی تھی کہ سہولت بازار کی دکانیں تعمیر ہونے کے بعد سب سے پہلے انہی 17 دکانداروں کو دکانیں فراہم کی جائیں گی، جس کے بعد باقی دکانیں دیگر افراد میں تقسیم کی جائیں گی۔


دکانداروں کا کہنا ہے کہ وہ چھ ماہ سے ایک سال تک متبادل دکانوں میں کاروبار کرتے رہے اور اپنی جیب سے کرایہ ادا کرتے رہے۔ اس دوران وہ سہولت بازار کی تعمیر اور افتتاح کے منتظر رہے تاکہ انہیں وعدے کے مطابق دکانیں مل سکیں۔


متاثرہ دکانداروں کے مطابق سہولت بازار کے افتتاح سے قبل اس وقت کے اسسٹنٹ کمشنر نے ایک فہرست بھی جاری کی تھی، جس میں ابتدائی 17 دکانوں کے لیے انہی متاثرہ دکانداروں کے نام درج تھے اور انہیں یقین دلایا گیا تھا کہ یہ دکانیں انہیں الاٹ کی جائیں گی۔


تاہم اسی دوران اسسٹنٹ کمشنر کا تبادلہ ہوگیا، جس کے بعد مبینہ طور پر سہولت بازار کی تقریباً 48 دکانیں دیگر افراد میں تقسیم کردی گئیں، جبکہ ان 17 دکانداروں کو وعدے کے باوجود دکانیں فراہم نہیں کی گئیں، جن کی دکانیں مسمار کرکے سہولت بازار کے لیے جگہ حاصل کی گئی تھی۔


دکانداروں کا مزید کہنا ہے کہ وہ 1990 کی دہائی سے بلدیہ رینالہ خورد کے ساتھ باقاعدہ معاہدے اور لیز کے تحت دکانیں چلا رہے تھے اور ہر ماہ باقاعدگی سے کرایہ جمع کرواتے رہے ہیں۔ یہاں تک کہ دکانیں مسمار ہونے کے بعد بھی گزشتہ ایک سال کے دوران وہ اپنا کرایہ ادا کرتے رہے۔


متاثرہ دکانداروں نے الزام عائد کیا ہے کہ سہولت بازار کی دکانوں کی تقسیم میں ان کے حقوق اور سابقہ یقین دہانیوں کو نظرانداز کیا گیا۔ ان کا کہنا ہے کہ جن افراد نے دہائیوں تک بلدیہ کو کرایہ ادا کیا اور سہولت بازار کی تعمیر کے لیے اپنی دکانیں خالی کیں، آج وہی بے روزگاری اور معاشی مشکلات کا سامنا کرتے ہوئے دربدر ہیں۔


متاثرہ 17 دکانداروں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کا فوری نوٹس لیا جائے، دکانوں کی الاٹمنٹ کی فہرست اور تقسیم کے عمل کی شفاف تحقیقات کروائی جائیں اور انہیں ان کے سابقہ معاہدوں اور یقین دہانیوں کے مطابق دکانیں فراہم کی جائیں۔