بدھ، 21 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

سلمان خان اصل نشانہ تھے، ٹائیگر شروف فائرنگ کیس میں انکشاف


بالی ووڈ اداکار ٹائیگر شروف کی گاڑی پر فائرنگ کے واقعے کی تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا ہے کہ ملزمان نے مبینہ طور پر پہلے اداکار سلمان خان کو نشانہ بنانے کا منصوبہ بنایا تھا تاہم ان کی رہائش گاہ کے باہر پولیس کی موجودگی دیکھ کر اپنا ارادہ تبدیل کر لیا۔


بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فائرنگ کے الزام میں گرفتار تین ملزمان ابتدائی طور پر سلمان خان کو نشانہ بنانا چاہتے تھے تاہم حملہ آور وں نے سلمان خان کی رہائش گاہ کی ریکی بھی کی تھی، لیکن وہاں سکیورٹی کے سخت انتظامات دیکھ کر وہ اپنے منصوبے پر عمل نہیں کر سکے۔ پولیس ذرائع کے مطابق، اس کے بعد انہوں نے ٹائیگر شروف کو نشانہ بنانے کا فیصلہ کیا۔


رپورٹس میں پولیس ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہےکہ ملزمان نے سوشل میڈیا پوسٹس اورانسٹاگرام پیجز کےذریعےٹائیگرشروف کی معمول کی سرگرمیوں کے بارے میں معلومات حاصل کیں، انہیں مبینہ طور پر معلوم ہوا کہ اداکار اتوار کے روز ممبئی کے علاقے جوہو میں واقع ایک فٹ بال گراؤنڈ کا دورہ کرتے ہیں اور وہاں ان کی سکیورٹی نسبتاً کم ہوتی ہے۔


ٹائیگر شروف کی گاڑی پر فائرنگ کا واقعہ 18 اکتوبر کو ممبئی کے علاقے جوہو میں پیش آیاحملہ آوروں نے ٹائیگر شروف کو نشانہ بناتے ہوئے سات گولیاں چلائیں اور پھر موٹر سائیکل پر فرار ہوگئے۔ بعد میں انہوں نے یہ موٹر سائیکل اندھیری ویسٹ ریلوے اسٹیشن کے قریب چھوڑ دی اور ٹرین کے ذریعے جے پور روانہ ہوگئے۔


پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تینوں ملزمان کو واقعے کے 24 گھنٹے کے اندر پیر کے روز گرفتار کرلیا۔ گرفتار افراد کی شناخت 22 سالہ ہریتک عرف روشن، 18 سالہ ریحان اور 18 سالہ پھول سنگھ کے نام سے ہوئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق، ہریتک کا تعلق بہار جبکہ ریحان اور پھول سنگھ کا تعلق ہریانہ سے ہے۔


پولیس ذرائع کے مطابق، تفتیش کے دوران ملزمان نے بتایا کہ وہ ممبئی کسی دوسری اہم شخصیت کو قتل کرنے کے ارادے سے آئے تھے تاہم، متعلقہ شخص کی نقل و حرکت اور ان علاقوں کا جائزہ لینے کے بعد انہیں اندازہ ہوا کہ ان تک پہنچنا آسان نہیں ہوگا۔


ذرائع کا کہنا ہے کہ اس کے بعد انہوں نے اپنا ہدف تبدیل کر کے ٹائیگر شروف کو نشانہ بنانے کا فیصلہ کیا انہیں مداحوں کی سوشل میڈیا پو سٹس اور انسٹاگرام اکاؤنٹس کے ذریعے معلوم ہوا تھا کہ ٹائیگر شروف اتوار کے روز ممبئی کے علاقے جوہو میں واقع ایک فٹ بال گراؤنڈ میں باقاعدگی سے آتے ہیں اور وہاں ان کے ساتھ سکیورٹی بھی نسبتاً کم ہوتی ہے۔


رپورٹس کے مطابق، ملزمان ٹائیگر شروف اور ان کے مداحوں کے انسٹاگرام اکاؤنٹس پر نظر رکھتے تھے اور ان کی سرگرمیوں کا پتا لگانے کی کوشش کرتے تھے۔ تفتیشی ذرائع کا دعویٰ ہے کہ حملہ آوروں کا مقصد اداکار کو قتل کرکے بولی ووڈ میں خوف پھیلانا تھا۔


تازہ انکشافات کے بعد فائرنگ کے واقعے کی تحقیقات نے نیا رخ اختیار کرلیا ہےتفتیشی حکام ملزمان کی نقل و حرکت اور حملے سے پہلے کی گئی مبینہ نگرانی کی تحقیقات کررہے ہیں تاکہ واقعے کی مکمل تفصیلات سامنے آسکیں۔


ٹائیگر شروف پر فائرنگ کے واقعے کے بعد جیل میں قید گینگسٹر لارنس بشنوئی کے ایک ساتھی انیل پنڈت نے سوشل میڈیا پر جاری آڈیو پیغام میں حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا۔


آڈیو پیغام میں انیل پنڈت نے خود کو لارنس بشنوئی کا چھوٹا بھائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹائیگر شروف کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کی ذمہ داری وہ اور ہرمَن سندھو قبول کرتے ہیں۔


انہوں نے دعویٰ کیا کہ ٹائیگر شروف کو پہلے بھی سمجھانے کی کوشش کی گئی تھی، لیکن انہوں نے ان کی بات نہیں سمجھی۔ آڈیو پیغام میں سلمان خان سے تعلق رکھنے والے افراد اور ان کے ساتھ کام کرنے والوں کو بھی دھمکیاں دی گئیں اس پیغام میں اسے آخری وارننگ بھی قرا ر دیا گیا۔


ان مبینہ دھمکیوں کے بعد بولی ووڈ شخصیات کی سکیورٹی کے حوالے سے ایک بار پھر تشویش بڑھ گئی ہے۔ْ گزشتہ چند برسوں کے دوران فلمی صنعت سے تعلق رکھنے والی متعدد شخصیات کو دھمکیوں اور سکیورٹی سے متعلق واقعات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔


پولیس نے واقعے کے سلسلے میں راجستھان کے شہر کوٹا سے تین افراد کو گرفتار کیا ہے۔ تفتیشی حکام ملزمان کی نقل و حرکت، حملے سے قبل مبینہ نگرانی اور واقعے کےپس پردہ محرکات کاجائزہ لے رہے ہیں حکام اس امکان کی بھی تحقیقات کر رہےہیں کہ آیا اس واقعےمیں کسی منظم جرائم پیشہ گروہ کا کردار تھا۔


فائرنگ کے واقعے کے بعد انیل پنڈت اور ہرمن سندھو نامی دو افراد کیجانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ سامنے آنے کی اطلاعات ہیں، رپورٹس کے مطابق ان افراد نے خود کو لارنس بشنوئی گینگ سے وابستہ ظاہر کرتے ہوئے حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا اور سلمان خان کے ساتھ کام کرنے والی شخصیات کو بھی دھمکیاں دیں۔


مذکورہ پوسٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ گروہ اس سے قبل بھی ٹائیگر شروف کو خبردار کر چکا تھا تاہم ان دعوؤں کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے

واقعے کے بعد سلمان خان منگل کو ممبئی کے کالینا ایئرپورٹ پر مسلح سکیورٹی اہلکاروں کے ہمراہ نظر آئے یہ پیش رفت بالی ووڈ شخصیات کو درپیش سکیورٹی خدشات کے تناظر میں سامنے آئی ہےمہاراشٹر کے نائب وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے نے بھی ٹائیگر شروف پر حملے کے بعد فلمی صنعت سے وابستہ اداکاروں کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کی یقین دہانی کرائی تھی۔