مری: اسکول وین میں آگ لگ گئی، 10 بچے زخمی

مری کے علاقے لوئر موہڑا بڑاہوتر کے قریب اسکول کے بچوں کو لے جانے والی ایک وین خوفناک حاد ثے کا شکار ہو گئی، جس کے نتیجے میں گاڑی میں آگ بھڑک اٹھی اور 10 بچے جھلس کر زخمی ہو گئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق وین اچانک بے قابو ہو کر سڑک سے نیچے جا گری، جس کے فوراً بعد گاڑی میں اچانک آگ لگ گئی، وین میں پرائیویٹ اور سرکاری اسکولوں کے طالب علم سوار تھے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر فوری امدادی کارروائیاں شروع کیں اور بچو ں کوگاڑی سے باہر نکالا، جبکہ فائر فائٹنگ ٹیم نے بروقت پیش قدمی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا، ز خمی ہونے والے تمام بچوں کو ابتدائی طبی امداد کی فراہمی کے بعد فوراً سول اسپتال مری منتقل کر دیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر مری کے مطابق حادثے میں جھلسنے والے 10 بچوں کی حالت فی الحال خطرے سے باہر ہے، تاہم بہتر علاج معالجے کے لیے بعض بچوں کو راولپنڈی کے ہولی فیملی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔





