اتوار، 29 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

اہم قانون سازی کی تیاری,قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کرنے کی سمری ارسال

NA

قومی اسمبلی کا اجلاس یکم دسمبر کو شام 5 بجے طلب کرنے کے لیے صدرِ مملکت کو نئی سمری ارسال کر دی گئی ہے، جس میں اہم قانون سازی ایجنڈے پر ہونے کا امکان ہے۔


میڈیا رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے بتایا ہے کہ وز یراعظم کی منظوری کے بعد صدرِ مملکت قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کریں گے اور اس اجلاس میں اہم قانون سازی کی جائے گی تمام سیاسی جماعتوں کو قانون سازی کے عمل میں سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور اجلاس کا ماحول سازگار رکھنا سب کی یکساں ذ مہ داری ہے۔


واضح رہے کہ گزشتہ روز زرداری ہاؤس اسلام آباد میں بلاول بھٹو زرداری سے ہونے والی ملا قات میں حکومتی وفد نے خیبر پختونخوا میں گورنر راج کی توثیق کے حق میں ووٹ دینے کے لیےپیپلز پارٹی سے حمایت مانگی تھی اس ملاقات میں حکومتی وفد نے اہم قانون سازی کے حوالے سے بھی پیپلز پارٹی کو اعتماد میں لینے کی کوشش کی۔


زرداری ہاؤس میں ہونے والی اس ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی سربراہی میں حکومتی وفد نے شرکت کی، جس میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صاد ق، وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری اور وزیر مملکت بلال اظہر کیانی شامل تھے، جبکہ پیپلز پارٹی کی جانب سے سینیٹر شیری رحمان اور رکن قومی اسمبلی نو ید قمر موجود تھے۔


ذرائع کے مطابق ملاقات میں آئندہ ہفتے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا امکان بھی زیر غور آیا، جس میں اہم قانون سازی اور دیگر قومی امور زیر بحث آ سکتے ہیں، جبکہ پیپلز پار ٹی کی جانب سے مشاورت کے بعد حتمی مؤقف اختیار کیے جانے کا امکان ہے۔


یہ ملاقات نئے صوبوں کے قیام اور ریفرنڈم کی تجاویز پر جاری سیاسی بحث کے تناظر میں اہمیت رکھتی ہے اور بلاول بھٹو زرداری اس سے قبل نئے صوبوں کے قیام کی مخالفت اور سندھ کی تقسیم کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کر چکے ہیں۔