جمعہ، 23 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

سندھ ہائی کورٹ کی فلم ’گھوسٹ اسکول‘ کو ریلیز کرنے کی اجازت

مصنف:

سندھ میں تعلیمی مسائل، غیر فعال اسکولوں اور بچیوں کی تعلیم کو درپیش مشکلات اجاگر کرنے والی فلم ’گھوسٹ اسکول‘ کی ریلیز کی راہ ہموار ہوگئی۔ سندھ ہائی کورٹ نے تین ماہ کی قانونی جدوجہد کے بعد فلم کو بغیر کسی کٹوتی کے ریلیز کرنے کی اجازت دے دی۔


فلم کی ہدایت کارہ سیماب گل کے مطابق سندھ سنسر بورڈ نے فلم کے بعض مناظر حذف کرنے کا مطالبہ کیا تھا، جس کے بعد انہوں نے عدالتی رجوع کیا۔ عدالت کی جانب سے فلم کو بغیر کسی کٹوتی کے ریلیز کرنے کی اجازت ملنے پر انہوں نے خوشی کا اظہار کیا۔سیماب گل نے جیو ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ چاہتی تھیں کہ سندھ کے لوگ یہ فلم دیکھیں، کیونکہ اس کی کہانی اسی معاشرے کے مسائل سے جڑی ہوئی ہے۔


فلم کی کہانی 10 سالہ بچی رابعہ کے گرد گھومتی ہے، جو اپنے گاؤں کے واحد اسکول کی اچانک بندش کی وجہ جاننے کی کوشش کرتی ہے۔ اسکول کے آسیب زدہ ہونے سے متعلق افواہوں کے پیچھے چھپی حقیقت تلاش کرنے کے دوران رابعہ کو ایسے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے جو سندھ میں غیر فعال تعلیمی اداروں اور لڑکیوں کی تعلیم کی صورتِ حال کی عکاسی کرتے ہیں۔فلم کی سنیماٹوگرافر زمرین وحدت افغانستان میں پیدا ہونے والی جرمن فلم ساز ہیں۔ انہوں نے جیو ڈیجیٹل کو دیے گئے ایک سابقہ انٹرویو میں بتایا تھا کہ 2021 میں افغانستان پر طالبان کے قبضے کے بعد لڑکیوں کی تعلیم اور خواتین کے حقوق کو لاحق خطرات نے اس موضوع کو ان کے لیے مزید اہم بنا دیا تھا۔ اسی وجہ سے وہ فلم ’گھوسٹ اسکول‘ کے موضوع سے ذاتی وابستگی محسوس کرتی ہیں۔زمرین وحدت کے مطابق انہوں نے اسی وابستگی کے باعث فلم میں سنیماٹوگرافر کے طور پر کام کرنے کا کوئی معاوضہ نہیں لیا۔


دلچسپ امر یہ ہے کہ سندھ میں ریلیز کے لیے قانونی رکاوٹوں کا سامنا کرنے والی یہ فلم جرمنی کے کم از کم 11 سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جا چکی ہے، جبکہ رواں سال برلن انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں بھی اس کی نمائش ہوئی۔ہدایت کارہ سیماب گل کے مطابق فلم ’گھوسٹ اسکول‘ 30 اکتوبر کو پنجاب اور سندھ کے سینما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔