ہفتہ، 28 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

یمن کے قریب صومالی قزاقوں نے یو اے ای کا جہاز قبضے میں لے لیا


صومالی قزاقوں نے یمن کے ساحل کے قریب متحدہ عرب امارات کی ملکیت مال بردار بحری جہاز کو اغوا کرلیا-


فرانسیسی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق صومالی ریاست پنٹ لینڈ کے 3 سکیورٹی حکام نے بتایا کہ قزاقوں نے خلیج عدن کے راستے یمن پہنچ کر بحری جہاز ایم وی مارسا ورگو کو نشانہ بنایا۔ حکام کے مطابق 6 مسلح افراد صومالیہ سے ماہی گیری کی کشتی میں روانہ ہوئے تھے اور مچھیروں کا روپ دھار کر سفر کیا۔


حکام نے بتایا کہ یمن پہنچنے کے بعد حملہ آور جنوبی یمن میں مقیم صومالی پناہ گزینوں کے درمیان چھپ گئے تاکہ ان کی شناخت نہ ہوسکے ایک سیکیورٹی اہلکار کے مطابق مقامی صومالی باشندوں نے انہیں حملے کے لیے اسلحہ بھی فراہم کیا,یہ پہلا واقعہ ہے جس میں صومالی قزاق یمنی سرزمین سے روانہ ہوکر کسی بحری جہاز پر حملہ کرنے میں کامیاب ہو ئے۔


اغوا کیا گیا جہاز متحدہ عرب امارات کی کمپنی مارسا اوشن شپنگ کی ملکیت ہے اور پاناما کے پرچم تلے سفر کررہا تھا برطانوی میری ٹائم ایجنسی یو کے ایم ٹی او نے بتایا کہ جہاز کو یمن کے علاقے بلحاف سے تقریباً 120 کلومیٹر جنوب مغرب میں مسلح افراد نے اپنے قبضے میں لیا۔


سیکیورٹی حکام کے مطابق جہاز پر عملے کے 19 ارکان موجود ہیں، جنہوں نے خود کو محفوظ کمرے میں بند کرلیا ہے۔ ایک اہلکار نے بتایا کہ جہاز کو صومالیہ کی سمندری حدود کی جانب لے جایا جارہا ہے۔ یو کے ایم ٹی او نے بھی تصدیق کی ہے کہ قزاق جہاز کا کنٹرول سنبھال چکے ہیں۔


’اے ایف پی‘ کے مطابق سیکیورٹی حکام نے اس کارروائی میں یمن کے حوثی گروپ کے ملوث ہونے کے تاثر کو مسترد کیا ہے۔ ایک اہلکار کا کہنا تھا کہ اس واقعے میں مقامی صومالی پناہ گزینوں سے تعلق رکھنے والے جرائم پیشہ عناصر نے پنٹ لینڈ کے قزاقوں کی مدد کی۔

حکام کے اس بیان کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہوسکی۔ ان کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں اور مقامی مددگاروں کے در میان خاندانی اور قبائلی تعلقات بھی موجود ہیں۔