اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان سے خصوصی گفتگو مریم نواز شریف کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد کی افواہوں کی تردید،تجزیہ: شہزاد قریشی
نقطہ نظر
پنجاب میں سیاسی بے یقینی کا کوئی جواز نہیں ملک احمد خان کی میرے ساتھ گفتگو نے افواہوں کا بھانڈا پھوڑ دیا؛
اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان کی گفتگو نے پنجاب حکومت سے متعلق بے بنیاد خبروں کی حقیقت واضح کر دی
تجزیہ شہزاد قریشی
افواہوں کی سیاست بند کریں، پاکستان کے وقار اور استحکام کا ساتھ دیں!
پاکستان اس وقت بین الاقوامی سطح پر اپنا کھویا ہوا وقار اور اہمیت دوبارہ حاصل کر رہا ہے۔ یہ پوری قوم کے لیے خوشی اور فخر کا مقام ہے، لیکن افسوس کہ ملک کے اندر بعض سیاسی حلقوں، ٹی وی اینکرز، یوٹیوبرز اور سوشل میڈیا پر افواہوں اور منفی پروپیگنڈے کا سلسلہ جاری ہے۔
بالخصوص وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور پنجاب حکومت کے خلاف مسلسل بے بنیاد خبریں پھیلائی جا رہی ہیں۔ اس حوالے سے میری پنجاب اسمبلی کے اسپیکر ملک احمد خان صاحب سے براہِ راست گفتگو ہوئی، جس میں انہوں نے واضح کیا کہ مریم نواز شریف کے خلاف پنجاب اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد یا ایسی کسی کارروائی کی کوئی صورتِ حال موجود نہیں۔ اسی طرح ان کے اپنے حوالے سے پھیلائی جانے والی خبروں میں بھی کوئی صداقت نہیں۔
دوسری جانب پاکستان کی عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی اہمیت کو ہمیں خوش دلی سے تسلیم کرنا چاہیے۔ ماضی میں پاکستان کے خلاف منفی پروپیگنڈا اور دہشت گردی سے متعلق الزامات لگائے جاتے رہے، حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ پاکستان خود دہشت گردی کا سب سے بڑا شکار رہا ہے۔ ہماری پاک فوج، پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں نے ملک کے دفاع اور امن کے لیے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔ آج بھی فتنۃ الخوارج کے خلاف ہمارے جوان اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں۔ ان قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔
اب وقت آ گیا ہے کہ سیاسی اختلافات کو قومی مفاد پر حاوی نہ ہونے دیا جائے۔ تمام سیاسی جماعتوں، صحافیوں، اینکرز اور سوشل میڈیا سے وابستہ افراد کو چاہیے کہ غیر مصدقہ خبریں پھیلانے کے بجائے پاکستان کی مثبت پیش رفت اور کامیابیوں کو اجاگر کریں۔
بہت ہو چکا! سیاست میں سنجیدگی کا مظاہرہ کریں۔ پاکستان کسی ایک جماعت یا حکومت کا نہیں، ہم سب کا وطن ہے۔ تمام سیاسی جماعتیں اس ملک اور قوم پر رحم کریں۔ اختلاف ضرور کریں، مگر قومی استحکام، سلامتی اور وقار کو نقصان نہ پہنچائیں۔
آج پاکستان کو انتشار نہیں، اتحاد؛ افواہوں نہیں، حقائق؛ اور منفی سیاست نہیں بلکہ تعمیری سوچ کی ضرورت ہے۔
پاکستان کی اچھی خبریں پھیلائیں، قومی وقار کا احترام کریں اور ملک کو مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
مزید پڑھیں





