Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

نومولود بچوں کے لیے تامل ناڈو حکومت کا منفرد اقدام


بھارتی ریاست تامل ناڈو میں سرکاری اسپتالوں میں پیدا ہونے والے بچوں کے لیے ایک گرام سونے کی انگوٹھی مفت دینے کا منصوبہ شروع کردیا گیا ہے۔


ریاستی حکومت کے مطابق اداکار سے سیاست دان بننے والے وزیر اعلیٰ وجے کی جانب سے اس منصو بے کے تحت مدورائے راجاجی اسپتال میں میں پیدا ہونے والے تمام بچوں کو ایک گرام سونے کی انگوٹھی دی گئی، ایک انگوٹھی کی مالیت تقریباً 143 امریکی ڈالر ہے۔


میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت میں سونے کو ثقافتی اور سماجی اعتبار سے خاص اہمیت حاصل ہے اور شادی بیاہ و مذہبی تقریبات کے علاوہ اسے خاندانوں کے لیے ایک محفوظ مالی اثاثہ بھی تصور کیا جاتا ہے۔


ریاست کے ضلع مدورائی کے ایک سرکاری اسپتال میں نومولود بچے کے ساتھ موجود ایک ماں کے مطابق سونے کی انگوٹھی بچے کے لیے مستقبل میں ایک قیمتی اثاثہ ثابت ہوسکتی ہے،ایک اور خاتون، اسٹیلا میر ی، نے خبر رساں ادارے اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ انہیں ذاتی طور پر بہت متا ثر کن محسوس ہوتا ہے۔


https://x.com/Telugu360/status/2104518690159116331?s=20


حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد زچگی اور نومولود بچوں کی نگہداشت کی اہمیت اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ ریاست میں سرکاری صحت کے اداروں پر عوام کا اعتماد مضبوط کرنا ہے۔


تاہم اپوزیشن جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی جانب سے اس منصوبے پر تنقید بھی کی گئی ہے۔


پارٹی رہنما تملسائی ساؤنڈراجن نے سوشل میڈیا پر ایک بیان میں کہا کہ نومولود بچے کو سونے کی انگو ٹھی دینا بلاشبہ خوش آئند اقدام ہوسکتا ہے، تاہم خاندانوں کی فوری ضرورت یہ ہے کہ انہیں روزانہ کی بنیاد پر ضروری غذائیت کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔


بھارت کے سرکاری اسپتالوں کو اکثر عملے کی کمی، طویل انتظار اور ناکافی بنیادی ڈھانچے جیسے مسائل کا سامنا رہتا ہے، جس کے باعث متعدد مریض مہنگے نجی اسپتالوں سے علاج کروانے پر مجبور ہوجاتے ہیں۔


اگرچہ بھارت میں خواتین کی اکثریت اسپتالوں میں بچوں کو جنم دیتی ہے، تاہم بعض دیہی علاقوں میں گھروں پر زچگی کے واقعات اب بھی ہوتے ہیں، جس کے باعث سرکاری ادارے اسپتالوں میں محفوظ زچگی کو ترجیح دیتے ہیں۔


حالیہ برسوں میں نمایاں پیش رفت کے باوجود بھارت میں نومولود بچوں اور ماؤں کی شرح اموات اب بھی ایک اہم صحت عامہ کا مسئلہ ہے،سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں ہر ایک ہزار زندہ پیدائشوں میں 24 بچوں کی موت واقع ہوتی ہے،جبکہ ایک لاکھ زندہ پیدائشوں کے مقابل زچگی کے دوران یا اس کے بعد ماؤں کی اموات کی شرح 88 ہے۔