جمعہ، 30 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

سیکیورٹی خدشات، امریکا کا غیر ہنگامی سفارتی عملے کو سعودی عرب چھوڑنے کا حکم

مصنف:

امریکا نے سعودی عرب میں سیکیورٹی کی صورتحال اور ممکنہ حملوں کے خطرات کے پیش نظر اپنے غیر ہنگامی سفارتی عملے اور ان کے اہلِ خانہ کو ملک چھوڑنے کی ہدایت کر دی ہے۔


امریکی سفارت خانے کی جانب سے جاری ہدایت کے مطابق غیر ہنگامی عملے اور ان کے اہلِ خانہ کو 23 اکتوبر سے سعودی عرب سے روانہ ہونے کا کہا گیا ہے۔ اس فیصلے کے تحت ایسے امریکی شہریوں کو سعودی عرب میں قیام کے حوالے سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔امریکی سفارت خانے کے مطابق یہ فیصلہ یمن میں سرگرم حوثی ملیشیا کی جانب سے سعودی عرب کے شہری ہوائی اڈوں اور دیگر اہم تنصیبات کو نشانہ بنانے کے بعد کیا گیا ہے۔ امریکی حکام نے خبردار کیا ہے کہ حملوں میں مزید شدت آنے اور صورتحال تیزی سے بگڑنے کا خدشہ موجود ہے۔



سفارت خانے نے مزید بتایا کہ سعودی عرب میں تعینات امریکی سرکاری اہلکاروں کو اب کسی بھی ہوائی اڈے کے استعمال کے لیے مشن کے سربراہ سے خصوصی اجازت لینا ہوگی۔ امریکی شہریوں کو بھی ممکنہ میزائل اور ڈرون حملوں، فضائی حدود کی بندش، پروازوں کی منسوخی اور سفری مشکلات کے پیش نظر انتہائی احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ امریکی سفارت خانے کے سیکیورٹی الرٹ کے مطابق ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو 23 اکتوبر سے جزوی طور پر بحال کیا گیا ہے، جہاں اندرون ملک اور بعض بین الاقوامی پروازیں چل رہی ہیں، جبکہ جدہ کے کنگ عبدالعزیز اور دمام کے کنگ فہد انٹرنیشنل ایئرپورٹس پر بھی آپریشن جاری ہیں، تاہم بعض پروازوں میں تاخیر اور منسوخی کی اطلاعات ہیں۔


واضح رہے کہ سعودی عرب میں حالیہ میزائل اور ڈرون حملوں کے بعد خطے میں سیکیورٹی صورتحال مزید کشیدہ ہوگئی ہے۔ امریکا نے اپنے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہوائی سفر سے قبل متعلقہ ایئرلائن اور ایئرپورٹ سے پروازوں کی تازہ ترین صورتحال ضرور معلوم کریں۔