عظمیٰ بخاری کا بیان،حنا پرویز بٹ نے خاموشی توڑ دیں بولیں،کوئی شرمندگی نہیں

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رکن پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ نے کہا ہے کہ ان کے کسی بیان یا اقدام سے کبھی وزیراعلیٰ پنجاب یا صوبائی حکومت کو شرمندگی کا سامنا نہیں کرنا پڑا، اگر عظمیٰ بخاری خود شرمندگی محسوس کر رہی ہیں تو یہ ان کی اپنی چوائس ہے۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے حنا پرویز بٹ نے کہا کہ انہوں نے اپنے بیان میں صرف یہ کہا تھا کہ یہ مریم نواز کی حکومت ہے، جہاں فوری انصاف ملتا ہے۔ یہ ان کی ذاتی رائے اور ایک عام شہری کے تاثرات تھے، جن پر پروپیگنڈا کرنا غیر ضروری تھا۔حنا پرویز بٹ کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب، صوبائی حکومت یا کسی ادارے پر کوئی الزام عائد نہیں کیا۔ وہ اپنی ساتھی عظمیٰ بخاری کے اس مؤقف سے احترام کے ساتھ اختلاف کرتی ہیں کہ ان کے بیان سے حکومت یا وزیر اطلاعات کو شرمندگی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ عظمیٰ بخاری حکومتی ترجمان ہیں اور انہوں نے حکومتی پالیسی بیان کی، جو ان کی ذمہ داری ہے، تاہم سوشل میڈیا پر ان کے کسی بیان کی وجہ سے کسی کو شرمندگی محسوس نہیں ہونی چاہیے۔حنا پرویز بٹ نے مزید کہا کہ جو لوگ مجرموں کا دفاع کر رہے ہیں، وہ ان خاندانوں سے نہیں ملتے جن کے بچوں کی لاشیں انتہائی خراب حالت میں ملتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جس شخص کے دل میں انسانیت ہو، ملتان کے وسیم سے متعلق خبر سن کر وہ ضرور متاثر ہوگا اور اسے اس واقعے پر دکھ محسوس ہوگا۔





