جمعہ، 23 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کی بازیابی کی درخواست،ہوم سیکرٹری پنجاب طلب

pti
مصنف:

لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی تینوں بہنوں کی بازیابی کے لیے دائر درخواست پر ہوم سیکرٹری پنجاب اور سپرنٹنڈنٹ کوٹ لکھپت جیل کو 28 اکتوبر کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔


جسٹس عبہر گل خان نے شاہ ریز کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کی جانب سے وکیل رانا مدثر عمر ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ علیمہ خان، عظمیٰ خان اور نورین نیازی کی نظر بندی کے احکامات 19 اور 20 اکتوبر کو ختم ہوچکے ہیں، تاہم نظر بندی کی مدت مکمل ہونے کے باوجود انہیں رہا نہیں کیا گیا۔جسٹس عبہر گل خان نے استفسار کیا کہ درخواست میں ڈپٹی کمشنر لاہور کو فریق کیوں نہیں بنایا گیا؟ اس پر وکیل نے جواب دیا کہ ڈپٹی کمشنر کا نظر بندی کا نوٹیفکیشن ختم ہوچکا ہے، اسی لیے انہیں فریق نہیں بنایا گیا۔اس موقع پر عظمیٰ خان کے شوہر احد خان روسٹرم پر آگئے اور عدالت سے استدعا کی کہ ڈپٹی کمشنر لاہور کو طلب کیا جائے۔ جسٹس عبہر گل خان نے ریمارکس دیے کہ جب ڈپٹی کمشنر کو درخواست میں فریق ہی نہیں بنایا گیا تو انہیں کیسے طلب کیا جاسکتا ہے؟


درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ڈپٹی کمشنر لاہور نے علیمہ خان، عظمیٰ خان اور نورین نیازی کو 30 روز کے لیے نظر بند کیا تھا۔ نظر بندی کی مدت مکمل ہونے کے باوجود تینوں کو رہا نہیں کیا گیا۔درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ علیمہ خان، عظمیٰ خان اور نورین نیازی کی بازیابی کا حکم دیا جائے۔