بھارت،4 ہزار اگنی ویروں کا حساس ڈیٹا ڈارک ویب پر فروخت کرنے کی کوشش، 14 سالہ لڑکا گرفتار

نئی دہلی: بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کی پولیس نے ہریانہ کے علاقے بلبھ گڑھ سے 14 سالہ لڑکے کو گرفتار کیا ہے، جس پر ایک ویب سائٹ ہیک کرکے تقریباً 4 ہزار سابق اگنی ویروں کا حساس ذاتی ڈیٹا چوری کرنے اور اسے ڈارک ویب پر 500 ڈالر میں فروخت کرنے کی کوشش کا الزام ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دہلی پولیس کی اسپیشل سیل کے تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ نابالغ ملزم نے سابق اگنی ویروں کے لیے تیار کردہ ایک ٹیسٹ ویب سائٹ تک غیر مجاز رسائی حاصل کی تھی۔ اس ویب سائٹ کا مقصد سابق اگنی ویروں کو دیگر سرکاری محکموں میں روزگار کے مواقع تلاش کرنے میں مدد فراہم کرنا تھا۔رپورٹس کے مطابق ویب سائٹ سے مبینہ طور پر ڈیٹا حاصل کرنے کے بعد لڑکے نے ڈارک ویب پر اشتہار شائع کیا اور دعویٰ کیا کہ اس کے پاس 4 ہزار اگنی ویروں کا ذاتی ڈیٹا موجود ہے، جسے وہ 500 ڈالر میں فروخت کرنا چاہتا ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ویب سائٹ تک رسائی حاصل کرنے کے لیے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ٹولز استعمال کیے گئے، تاہم ہیکنگ کے اصل طریقہ کار کا تعین تاحال نہیں ہو سکا۔
دہلی پولیس کے انٹیلی جنس فیوژن اینڈ اسٹریٹجک آپریشنز (آئی ایف ایس او) یونٹ نے ملزم کے ڈیجیٹل آلات سے ڈیٹا برآمد کر لیا ہے، جس کی جانچ جاری ہے۔ پولیس نے بھارتی وزارت داخلہ کو خط لکھ کر اگنی ویروں کا سرکاری ڈیٹا بیس بھی طلب کیا ہے تاکہ برآمد ہونے والی معلومات کا موازنہ کرکے ڈیٹا کی صداقت اور چوری کی اصل نوعیت کا تعین کیا جا سکے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق نابالغ ملزم سے قانون کے مطابق پوچھ گچھ کی گئی اور ابتدائی تفتیش کے بعد اسے اہل خانہ کے حوالے کر دیا گیا ہے، تاہم معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس اس بات کا بھی جائزہ لے رہی ہے کہ آیا مبینہ سائبر حملے میں صرف مذکورہ ویب سائٹ کا ڈیٹا متاثر ہوا یا دیگر معلومات بھی چوری کی گئیں۔ اس کے علاوہ یہ بھی معلوم کیا جا رہا ہے کہ آیا کسی تیسرے فریق نے چوری شدہ ڈیٹا خریدا یا اس تک رسائی حاصل کی۔واقعے کے بعد بھارت میں سابق اگنی ویروں کے لیے قائم ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کی سائبر سکیورٹی پر بھی سوالات اٹھنے لگے ہیں۔





