حسین نقی کی وفات صحافت کے لیے ناقابل تلافی نقصان ہے۔ پی ایف یو جے،ورکرز کا تعزیتی اعلامیہ

پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (ورکرز) کے مرکزی صدر شمیم شاہد اور سیکرٹری جنرل راجہ ریاض نے ملک کے معروف، سینئر اور صاحبِ الرائے صحافی حسین نقی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اپنے مشترکہ تعزیتی بیان میں پی ایف یو جی (ورکرز) کے قائدین نے مرحوم کی صحافتی، علمی اور سماجی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ حسین نقی نے اپنی ساری عمر حق و سچ کی ترویج، آزادیِ صحافت کے تحفظ اور بنیادی انسانی حقوق کی سربلندی کے لیے وقف کیے رکھی۔ انہوں نے ہر دور میں بے باکی، دیانت داری اور پیشہ ورانہ وقار کے ساتھ قلم کی حرمت کا پاس رکھا اور مظلوم و محکوم طبقات کی آواز بنے رہے۔
شمیم شاہد اور راجہ ریاض نے کہا کہ مرحوم کا انتقال پاکستانی صحافت اور انسانی حقوق کی تحریک کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے، جس سے پیدا ہونے والا خلا طویل عرصے تک پُر نہیں ہو سکے گا۔ نئی نسل کے صحافیوں کے لیے ان کی جدوجہد اور اصول پسندی مشعلِ راہ ہے۔
پی ایف یو جی (ورکرز) کی قیادت اور ملک بھر کی صحافی برادری سوگوار خاندان کے اس ناقابلِ برداشت غم میں برابر کی شریک ہے۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور پسماندگان کو یہ صدمہ صبر و حوصلے سے برداشت کرنے کی توفیق دے۔ آمین۔
مزید پڑھیں





