اتوار، 22 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

بلاول ہاؤس پر سوال اٹھانے والے خواجہ آصف رائیونڈ اور جاتی امرا کے محلات کو بھی دیکھیں، سحر کامران

sehar kamran
مصنف:

پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما،رکن قومی اسمبلی سحر کامران نے وزیر دفاع خواجہ آصف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بلاول ہاؤس لاہور کی ملکیت اور اخلاقی حیثیت پر سوال اٹھا رہے ہیں، لیکن رائیونڈ اور جاتی امرا کے وسیع و عریض محل نما کمپلیکس کو نظر انداز کر رہے ہیں۔


سحر کامران نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق شریف خاندان کی رائیونڈ رہائش گاہ سینکڑوں ایکڑ پر محیط ہے، جس کا رقبہ عام طور پر تقریباً 1700 ایکڑ بتایا جاتا ہے، جبکہ خاندانی بیانات میں 1500 کنال سے زائد اراضی کا ذکر بھی کیا گیا ہے۔ اس کمپلیکس میں متعدد سنگ مرمر سے تعمیر شدہ رہائشی عمارتیں، وسیع لان اور زرعی اراضی شامل ہیں، جبکہ اسے وزیراعظم کے کیمپ آفس کے طور پر بھی استعمال کیا جا چکا ہے۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ رائیونڈ کی اراضی، تعمیرات، انتظامات اور مالیت کے بارے میں اسی طرح سوالات کیوں نہیں اٹھائے جاتے جس طرح بلاول ہاؤس کے بارے میں اٹھائے جا رہے ہیں؟


سحر کامران کا کہنا تھا کہ بھٹو خاندان نسلوں سے سندھ کے معروف، خوشحال اور زمین دار خاندانوں میں شمار ہوتا ہے۔ سر شاہنواز بھٹو کے دور سے اس خاندان کا سماجی اور مالی پس منظر موجود ہے۔ اسی طرح زرداری خاندان بھی سیاست میں آنے سے پہلے سندھ کا ایک معروف، خوشحال اور کاروباری پس منظر رکھنے والا بلوچ زمین دار خاندان تھا۔ یہ خاندان سیاسی اقتدار حاصل کرنے کے بعد اچانک دولت مند نہیں ہوئے۔پیپلز پارٹی رہنما نے کہا کہ اگر اخلاقی اصولوں اور شفافیت کی بات کی جا رہی ہے تو رائیونڈ کے محلات کی ڈرون فوٹیج، تفصیلات اور مالی مالیت بھی اسی جوش و خروش سے سامنے لائی جانی چاہیے جس طرح بلاول ہاؤس لاہور کی مبینہ غیر مجاز فوٹیج کے معاملے کو اٹھایا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ایک جانب کی دیواروں اور حدود پر سوالات اٹھانا جبکہ دوسری جانب کے معاملے پر خاموشی اختیار کرنا دوہرے معیار اور اخلاقی اصولوں میں عدم تسلسل کو ظاہر کرتا ہے۔


سحر کامران نے مزید کہا کہ یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب وزیر دفاع خواجہ آصف برطانیہ اور یورپی یونین کے دورے پر ہیں۔ ملک کو درپیش سنگین چیلنجز کے دوران بیرون ملک سے پیپلز پارٹی کی قیادت کی نجی زندگی اور سکیورٹی کو نشانہ بنانا سیاسی اتحاد کے لیے مفید نہیں بلکہ اس سے سیاسی اختلافات مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کی یک طرفہ تنقید پیپلز پارٹی کے کارکنوں میں ردعمل پیدا کر سکتی ہے اور سیاسی تقسیم کو مزید گہرا کر سکتی ہے۔ اخلاقی برتری کے دعوے کرنے والوں کو سب سے پہلے اپنے گھر سے شروعات کرنی چاہیے۔