جمعرات، 22 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

ٹرمپ کا ہنگاموں کیلئے مسلمانوں کو ذمہ دار ٹھہرانا احمقانہ ہے: فرانسیسی صدر

Donald Trump

فرانسیسی صدرایمانوئل میکرون نے امریکی صدر کو’احمق‘ قرار دیتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کے اس دعوے کو سختی سے مسترد کردیا جس میں انہوں نے فرانس میں بڑے پیمانے پر ہونے والے مظاہروں اور فسادات کی وجہ مسلم تارکین وطن کو قرار دیا۔


امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 19 اکتوبر کو ایک متنازعہ بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ پیرس بہت جلد ایک مسلم شہر بن جائے گا، انہوں نے متنبہ کیا کہ اگر یورپ نے اپنی سرحدیں بند نہ کیں اور مظاہروں میں شریک افراد سمیت جرائم پیشہ لوگوں کو باہر نہ نکالا تو یورپ ختم ہوجائے گا۔

فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ نہ صرف مکمل طور پر غلط بلکہ احمقانہ بھی ہے۔

فرانسیسی صدر نے کہا کہ ان کے ملک میں ہونے والے واقعات کو تارکین وطن اور اسلام پسندوں کے حملے کے طور پر پیش کرنا حقیقت کے منافی ہے، انہوں نے امریکی رہنماؤں پر الزام لگایا کہ وہ فرانس کے حالات کو اپنے سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایمانوئل میکرون نے کہا کہ فرانس میں پیش آنے والے واقعات میں غیر ملکی مداخلت کے واضح شواہد نہیں ملے تاہم معلومات کو گمراہ کن انداز میں پھیلایا گیا، اس گمراہ کن معلومات کے نتیجے میں غیر ملکی رہنماؤں سمیت متعدد افراد کی جانب سے ناقابل قبول اور احمقانہ بیانات سامنے آئے۔

انہوں نے کہا کہ بعض افراد یہ دعویٰ کر رہے ہیں کہ فرانس پر تارکین وطن اور اسلام پسندوں کے ہجوم نے حملہ کردیا ہے جو مکمل طور پر غلط ہے۔ جب ایک صحافی نے پوچھا کہ کیا ان کا اشارہ ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب ہے تو میکرون نے جواب دیا کہ ٹرمپ بھی ان افراد میں شامل ہیں۔

ایمانوئل میکرون نے امریکی رہنماؤں کی جانب سے فرانس کے واقعات کو انتخابی مہم میں استعمال کرنے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بحر اوقیانوس کے دوسری جانب انتخابی مہم چلانے والے رہنما اپنے سیاسی مقاصد کے لیے فرانس کو استعمال کر رہے ہیں۔ فرانسیسی صدر نے کہا کہ ایسے حالات میں پتا چلتا ہے کہ فرانس سے کون محبت کرتا ہے اور کون نہیں۔