جمعرات، 22 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

رشتہ نہ ملنے پر لڑکی پر خنجر سے حملہ، ملزم فرار


چکوال:تھانہ ڈھڈیال کے قصبہ ڈورے میں رشتہ نہ ملنے کی پرانی رنجش پر ایک شخص نے خنجر کے وار کر کے لڑکی کو شدید زخمی کر دیا۔


تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات دس بجے کے قریب قصبہ ڈورے میں ظفر اقبال نامی شخص نے دیوار پھلانگ کر گھر میں موجود بیس سالہ نوجوان لڑکی کو خنجر کے پے در پے وار کر کے شدید زخمی کر دیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ لڑکی کی چند دن قبل منگنی طے ہوئی تھی۔ ملزم ظفر اقبال بیرون ملک مقیم تھا اور زخمی ہونے والی لڑکی کا چچا زاد ہے۔


ایف آئی آر میں درج زخمی لڑکی کے بیان کے مطابق ملزم کو اس بات کا رنج تھا کہ اس کی شادی کیوں کی جا رہی ہے چنانچہ وہ فوری طور پر بیرون ملک سے چھٹی لے کر پاکستان آیا اور موقعہ دیکھ کر لڑکی کے گھر میں گھس کر حملہ کر دیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ ملزم کی عمر چالیس سال سے زائد ہے اور وہ شادی شدہ اور صاحب اولاد ہے۔ واقعہ کے بعد ملزم سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتے ہوئے فرار ہو گیا۔


متاثرہ اہل خانہ نے پولیس ریسکیو سروس پر کال کی جس کے بعد تھانہ ڈھڈیال پولیس فوراً جائے وقوعہ پر پہنچی اور شدید زخمی حالت میں موجود لڑکی کو ڈی ایچ کیو ہسپتال چکوال منتقل کیا۔ بعد ازاں لڑکی کو راولپنڈی منتقل کر دیا گیا۔ تھانہ ڈھڈیال پولیس نے زخمی لڑکی کے بیان پر مقدمہ درج کر کے ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے۔ ادھر اہلیان علاقہ نے سی سی ڈی سے بھی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ واقعہ کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور ملزم کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔