آسٹریلیا: ہجوم میں کار گھسنے سے 10 افراد زخمی، کئی بچے بھی شامل

آسٹریلیا کے شہر نیوکاسل میں رگبی ٹیم کے استقبال کے لیے جمع ہجوم میں کار گھسنے سے 10 افراد زخمی ہوگئے، جن میں کئی بچے بھی شامل ہیں۔
نیو ساؤتھ ویلز پولیس کے مطابق زخمیوں میں 5 سالہ بچی اور 67 سالہ شخص کی حالت تشویشناک ہے، جبکہ دیگر زخمیوں کی حالت مستحکم ہے اور انہیں جان ہنٹر اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔پولیس نے گاڑی چلانے والے 18 سالہ نوجوان کو گرفتار کرلیا ہے اور واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔ حکام کے مطابق نوجوان کا لازمی ڈرگ اور الکوحل ٹیسٹ بھی کیا جائے گا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ اس مقام پر پیش آیا جہاں تقریباً ایک ہزار افراد موجود تھے، تاہم ابتدائی طور پر اسے دہشت گردی سے متعلق واقعہ نہیں سمجھا جا رہا۔واقعے کے بعد 12 ایمبولینسز اور 3 ایئر ایمبولینسز نے امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا۔نیوکاسل کے میئر گیون مورس نے کہا کہ بظاہر ڈرائیور گاڑی پر قابو کھو بیٹھا، جس کے باعث کار ہجوم سے جا ٹکرائی۔آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانیز نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں اور متاثرہ افراد کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور امدادی اداروں اور پولیس کی بروقت کارروائی کو سراہا۔
مزید پڑھیں





