آخرت کی تین صفیں اور ہمارا نام کہاں ہو گا، تحریر:انیم چوہدری
نقطہ نظر
کبھی آپ نے سوچا ہے کہ ایک دن ایسا بھی آئے گا جب دنیا کے تمام تعارف بے معنی ہو جائیں گے؟ نہ کسی کے نام کے ساتھ کوئی عہدہ باقی ہوگا، نہ دولت اس کی پہچان بنے گی، نہ شہرت اسے کسی کام آئے گی اور نہ ہی وہ چہرے اس کے ساتھ کھڑے ہوں گے جن کے لیے اس نے اپنی زندگی کے قیمتی سال گزار دیے۔
اس دن انسان کے سامنے صرف اس کی حقیقت ہوگی؛ وہ حقیقت جسے شاید وہ ساری زندگی دوسروں سے چھپاتا رہا، مگر اپنے رب سے کبھی نہیں چھپا سکا۔
قرآنِ کریم کی سورۃ الواقعہ اسی حقیقت کا ایک ایسا منظر پیش کرتی ہے جسے پڑھتے ہوئے انسان کو صرف قیامت یاد نہیں آتی، بلکہ اپنی پوری زندگی پر نظرثانی کرنے کی ضرورت محسوس ہوتی ہے۔
اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:
اذَا وَقَعَتِ الْوَاقِعَةُ لَيْسَ لِوَقْعَتِهَا كَاذِبَةٌ خَافِضَةٌ رَّافِعَةٌ إِذَا رُجَّتِ الْأَرْضُ رَجًّا وَبُسَّتِ الْجِبَالُ بَسًّا فَكَانَتْ هَبَاءً مُّنبَثًّا وَكُنتُمْ أَزْوَاجًا ثَلَاثَةً﴾
(جب وہ ہونے والی قیامت واقع ہو جائے گی، اس کے واقع ہونے میں کوئی جھوٹ نہ ہوگا۔ وہ کسی کو پست اور کسی کو بلند کرنے والی ہوگی۔ جب زمین پوری شدت سے ہلا دی جائے گی اور پہاڑ ریزہ ریزہ کر دیے جائیں گے، یہاں تک کہ بکھرے ہوئے غبار بن جائیں گے، اور تم تین گروہوں میں تقسیم ہو جاؤ گے۔)
وہ زمین جس پر انسان اپنی ملکیت کے دعوے کرتا ہے، ایک دن اس کے قدموں کے نیچے لرز رہی ہوگی۔ وہ پہاڑ جنہیں دیکھ کر انسان اپنی کمزوری بھول جاتا ہے، ریزہ ریزہ ہو چکے ہوں گے۔ جن عمارتوں کو تعمیر کرنے میں نسلیں گزر جاتی ہیں، ان کی مضبوطی بھی بے معنی ہو جائے گی۔دنیا کا پورا نظام بدل جائے گا۔اور پھر ایک ایسا اعلان ہوگا جو انسانوں کی تمام ظاہری تقسیموں کو ختم کرکے ان کی حقیقی حیثیت سامنے لے آئے گا:
﴿وَكُنتُمْ أَزْوَاجًا ثَلَاثَةً﴾
تم تین گروہوں میں تقسیم ہو جاؤ گے!
قرآن نے صرف دو گروہوں کا ذکر کیوں نہیں کیا؟ جنت اور جہنم کے بجائے تین گروہوں کی بات کیوں کی؟ کیونکہ آخرت میں معاملہ صرف اس بات کا نہیں ہوگا کہ کون کامیاب ہوا اور کون ناکام؛ بلکہ کامیابی پانے والوں کے درمیان بھی درجات اور مقامات کا فرق ہوگا۔
اللہ تعالیٰ ان تین گروہوں کا تعارف یوں کراتا ہے:
﴿فَأَصْحَابُ الْمَيْمَنَةِ مَا أَصْحَابُ الْمَيْمَنَةِ وَأَصْحَابُ الْمَشْأَمَةِ مَا أَصْحَابُ الْمَشْأَمَةِ وَالسَّابِقُونَ السَّابِقُونَ أُولَٰئِكَ الْمُقَرَّبُونَ﴾
(پس دائیں ہاتھ والے، کیا ہی خوب ہیں دائیں ہاتھ والے! اور بائیں ہاتھ والے، کیا ہی برے ہیں بائیں ہاتھ والے! اور سبقت لے جانے والے تو سبقت لے جانے والے ہی ہیں۔ یہی لوگ اللہ کے مقرب ہیں۔)
یہ تین گروہ دراصل انسان کے تین مختلف انجام سامنے رکھتے ہیں۔
پہلا گروہ: اصحابِ شمال
یہ وہ لوگ ہیں جن کے لیے بائیں جانب کا انجام ہے۔ قرآن ان کے بارے میں بتاتا ہے کہ یہ لوگ اپنے انجام کے اعتبار سے کتنے خسارے میں ہوں گے۔انسان دنیا میں بہت کچھ حاصل کر سکتا ہے۔ دولت، شہرت، اختیار، لوگوں کی محبت اور تعریفیں؛ مگر اگر وہ اپنے رب کی نافرمانی اور حق کے انکار میں زندگی گزار دے تو ان میں سے کوئی چیز اسے آخرت کے خسارے سے نہیں بچا سکے گی۔یہ وہ مقام ہے جہاں انسان کو سوچنا چاہیے کہ جس کامیابی کے لیے وہ حلال و حرام کی تمیز بھول بیٹھا ہے، کیا وہ واقعی کامیابی ہے؟
دوسرا گروہ: اصحابِ یمین
یہ دائیں ہاتھ والے ہیں، جن کے لیے اللہ تعالیٰ نے کامیابی، عزت اور نعمتوں کی بشارت بیان فرمائی ہے۔ان کی زندگی کا بنیادی راستہ ایمان اور نیک اعمال ہے۔ یہ وہ لوگ ہیں جنہیں اللہ کے فضل سے آخرت میں کامیابی نصیب ہوگی۔لیکن یہاں ایک نہایت اہم نکتہ سمجھنے کی ضرورت ہے۔قرآن اس کے بعد ایک اور گروہ کا ذکر کرتا ہے؛ ایسا گروہ جس کا مقام صرف نجات تک محدود نہیں، بلکہ اسے اللہ تعالیٰ کی قربت کا شرف عطا ہوگا۔
تیسرا گروہ: السابقون المقربون
اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:
﴿وَالسَّابِقُونَ السَّابِقُونَ أُولَٰئِكَ الْمُقَرَّبُونَ﴾
یہ وہ لوگ ہیں جو نیکی میں پہل کرنے والے، ایمان میں آگے بڑھنے والے اور اللہ کی رضا کے حصول میں سبقت لے جانے والے ہیں۔
ان کے لیے عبادت کوئی بوجھ نہیں ہوتی، جسے فرصت ملنے پر ادا کر لیا جائے۔ ان کے لیے توبہ کوئی ایسا ارادہ نہیں ہوتا جسے کل پر چھوڑ دیا جائے۔ وہ نیکی کا موقع ملنے پر یہ نہیں سوچتے کہ ابھی بہت وقت باقی ہے۔
وہ جانتے ہیں کہ زندگی کی سب سے بڑی محرومی یہ نہیں کہ انسان دنیا میں کچھ حاصل نہ کر سکے، بلکہ سب سے بڑی محرومی یہ ہے کہ اسے اللہ کی رضا حاصل کرنے کا موقع ملے اور وہ اسے ضائع کر دے۔
یہاں میرے ذہن میں ایک سوال پیدا ہوتا ہے:
کیا ہم نے کبھی اپنی زندگی میں نیکی کے معاملے میں سبقت حاصل کرنے کی کوشش کی؟
ہم دنیا میں آگے نکلنے کے لیے کتنی محنت کرتے ہیں۔ کسی سے زیادہ کمانا ہے، کسی سے بہتر گھر بنانا ہے، کسی سے زیادہ شہرت حاصل کرنی ہے۔ لیکن جب نماز کا وقت آتا ہے تو ہماری ترجیحات بدل جاتی ہیں۔ جب کسی ضرورت مند کی مدد کا موقع آتا ہے تو ہمارے پاس وقت کم پڑ جاتا ہے۔ جب کسی کو معاف کرنے کی باری آتی ہے تو ہمارا انا کا بت درمیان میں آ کھڑا ہوتا ہے۔
ہم دنیا کی دوڑ میں پیچھے رہ جانے سے ڈرتے ہیں، مگر کیا کبھی آخرت کی دوڑ میں پیچھے رہ جانے کا خوف بھی محسوس کیا؟
قرآن کا ایک ایسا فرق جو انسان کو سوچنے پر مجبور کرتا ہے
اللہ تعالیٰ سابقین کے بارے میں فرماتا ہے:
﴿ثُلَّةٌ مِّنَ الْأَوَّلِينَ وَقَلِيلٌ مِّنَ الْآخِرِينَ﴾
(پہلوں میں سے ایک بڑی جماعت ہوگی اور بعد والوں میں سے تھوڑے ہوں گے۔)
جبکہ اصحابِ یمین کے بارے میں ارشاد ہوتا ہے:
﴿ثُلَّةٌ مِّنَ الْأَوَّلِينَ وَثُلَّةٌ مِّنَ الْآخِرِينَ﴾
(پہلوں میں سے بھی ایک بڑی جماعت ہوگی اور بعد والوں میں سے بھی ایک بڑی جماعت ہوگی۔)
یہاں ایک قابلِ غور بات سامنے آتی ہے۔سابقینِ مقربین کے بارے میں پہلے لوگوں کی ایک بڑی جماعت اور بعد والوں میں سے تھوڑے لوگوں کا ذکر ہے، جبکہ اصحابِ یمین کے لیے دونوں ادوار کی بڑی جماعتوں کا بیان ہے۔مفسرین نے ان آیات میں اولین و آخرین کی تعیین کے بارے میں مختلف اقوال نقل کیے ہیں، اس لیے انہیں کسی ایک مخصوص زمانے یا امت تک محدود کرکے بیان کرنا درست نہیں ہوگا۔تاہم ان آیات سے ایک حقیقت ضرور سامنے آتی ہے: اللہ تعالیٰ کے ہاں نجات اور قربت کے درجات ایک جیسے نہیں۔ جنت میں داخل ہونا عظیم کامیابی ہے، لیکن اللہ کے مقرب بندوں کا مقام اس سے بھی بلند ہے۔اور یہی وہ مقام ہے جہاں انسان کو اپنی خواہشات کا معیار بدلنے کی ضرورت ہے۔
ہمیں صرف یہ نہیں سوچنا چاہیے کہ کسی طرح جہنم سے بچ جائیں؛ بلکہ یہ بھی سوچنا چاہیے کہ ہم اپنے رب کے پسندیدہ بندوں میں کیسے شامل ہو سکتے ہیں۔پھر موت کے وقت انسان کے سامنے کیا آئے گا؟
سورۃ الواقعہ کے آخری حصے میں اللہ تعالیٰ انہی گروہوں کے انجام کو دوبارہ ہمارے سامنے رکھتا ہے۔
ارشاد ہوتا ہے:
﴿فَأَمَّا إِن كَانَ مِنَ الْمُقَرَّبِينَ فَرَوْحٌ وَرَيْحَانٌ وَجَنَّتُ نَعِيمٍ﴾
(پس اگر وہ مقربین میں سے ہو تو اس کے لیے راحت، پاکیزہ رزق اور نعمتوں والی جنت ہے۔)
دنیا میں ایک شخص نے کتنی ہی آزمائشیں برداشت کی ہوں، کتنی ہی راتیں اپنے رب کے حضور گزاری ہوں، کتنے ہی گناہوں سے اپنے آپ کو بچایا ہو، کتنی ہی بار اپنے نفس سے لڑا ہو؛ مگر اس کے لیے آخری خبر راحت اور جنت کی ہے۔دنیا کی تھکن ہمیشہ کی تھکن نہیں ہوتی۔دنیا کے آنسو ہمیشہ کے آنسو نہیں ہوتے۔مومن کا صبر، اس کی خاموش دعائیں اور اس کی وہ نیکیاں جنہیں دنیا نے کبھی نہیں دیکھا، اللہ کے ہاں ضائع نہیں ہوتیں۔
پھر اصحابِ یمین کا ذکر آتا ہے:
﴿وَأَمَّا إِن كَانَ مِنْ أَصْحَابِ الْيَمِينِ فَسَلَامٌ لَّكَ مِنْ أَصْحَابِ الْيَمِينِ﴾
(اور اگر وہ دائیں ہاتھ والوں میں سے ہو تو اس کے لیے دائیں ہاتھ والوں کی طرف سے سلامتی کا پیغام ہے۔)
سلام!
کتنا خوب صورت لفظ ہے۔
وہ دن جب دنیا کے تمام خوف اپنے عروج پر ہوں گے، جب انسان اپنے اعمال کے بارے میں فکر مند ہوگا، جب ہر شخص اپنے انجام کے انتظار میں ہوگا، اس وقت کامیاب بندے کے لیے سلامتی کی بشارت ہوگی۔
اور پھر تیسری قسم کا انجام بھی واضح کر دیا جاتا ہے:
﴿وَأَمَّا إِن كَانَ مِنَ الْمُكَذِّبِينَ الضَّالِّينَ فَنُزُلٌ مِّنْ حَمِيمٍ وَتَصْلِيَةُ جَحِيمٍ﴾
(اور اگر وہ جھٹلانے والے گمراہوں میں سے ہو تو اس کی مہمانی کھولتے ہوئے پانی سے ہوگی اور اسے جہنم میں جھونکا جائے گا۔)
یہاں انسان کو رک کر سوچنا چاہیے کہ دنیا میں جسے وہ معمولی سمجھ کر نظرانداز کرتا رہا، وہ آخرت میں کتنا بڑا معاملہ بن سکتا ہے۔گناہ کبھی کبھی اتنا معمولی محسوس ہوتا ہے کہ انسان اسے اپنی زندگی کا حصہ بنا لیتا ہے۔ جھوٹ، دھوکا، کسی کا حق مارنا، دل آزاری، تکبر اور اللہ کے احکام سے غفلت؛ انسان ان سب کے لیے اپنے پاس کوئی نہ کوئی جواز رکھتا ہے۔مگر کیا ہمارا جواز اللہ کے سامنے بھی قابلِ قبول ہوگا؟
اب سوال قرآن کا نہیں، ہمارا ہے!
سورۃ الواقعہ کے اس پورے بیان کے بعد اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:
﴿إِنَّ هَٰذَا لَهُوَ حَقُّ الْيَقِينِ فَسَبِّحْ بِاسْمِ رَبِّكَ الْعَظِيمِ﴾
(بے شک یہی یقینی سچائی ہے، پس اپنے عظمت والے رب کے نام کی تسبیح کیجیے۔)
یہ محض ایک تصور نہیں، نہ کسی شاعر کی تخیل آفرینی اور نہ کسی فلسفی کی بحث۔ یہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے بیان کردہ حقیقت ہے۔
اور اب ذرا قرآن بند کرکے اپنے دل سے چند سوال کیجیے۔کیا میری نمازیں مجھے اللہ کے قریب کر رہی ہیں؟کیا میری زبان کسی کا دل توڑنے سے محفوظ ہے؟کیا میرے رزق میں کسی کا حق شامل تو نہیں؟کیا میں تنہائی میں بھی وہی انسان ہوں جو لوگوں کے سامنے دکھائی دیتا ہوں؟کیا میں نے کبھی کسی ایسے گناہ کو چھوڑنے کی کوشش کی جسے میں بار بار یہ کہہ کر ٹالتا رہا کہ ابھی عمر پڑی ہے؟
اور سب سے بڑھ کر:
کیا میری زندگی میں اللہ کی رضا پہلی ترجیح ہے یا صرف اس وقت یاد آتی ہے جب دنیا کے تمام راستے بند ہو جاتے ہیں؟میں یہ سوال کسی دوسرے سے نہیں کر رہا۔ یہ سوال سب سے پہلے اپنے آپ سے کر رہا ہوں۔کیونکہ انسان دوسروں کے اعمال کا حساب تو آسانی سے لگاتا ہے، مگر اپنے نفس کے سامنے کھڑا ہونا اسے سب سے مشکل محسوس ہوتا ہے۔ہمیں معلوم نہیں کہ ہماری کتنی سانسیں باقی ہیں۔ ہمیں یہ بھی معلوم نہیں کہ ہماری آخری نماز کون سی ہوگی، ہماری آخری توبہ کب قبولیت پائے گی اور ہماری زندگی کا آخری دن کون سا ہوگا۔لیکن ایک بات معلوم ہے: موت یقینی ہے اور واپسی اپنے رب کی طرف ہے۔اس لیے ابھی وقت ہے۔ابھی سجدے باقی ہیں۔ابھی توبہ کی گنجائش ہے۔
ابھی کسی کا حق واپس کیا جا سکتا ہے۔ ابھی کسی روٹھے ہوئے دل سے معافی مانگی جا سکتی ہے۔ ابھی حرام سے ہاتھ کھینچا جا سکتا ہے۔ ابھی قرآن کو صرف پڑھنے کے بجائے سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کی کوشش کی جا سکتی ہے۔مگر یاد رکھیے، نیکی کا ارادہ بھی اسی وقت خوب صورت ہے جب اسے عمل میں بدلا جائے۔ہم میں سے ہر شخص جنت کا خواہش مند ہے، لیکن کیا ہم نے کبھی اس راستے پر چلنے کی سنجیدہ کوشش بھی کی ہے؟
ہم چاہتے ہیں کہ ہمارا نام نیک لوگوں میں لکھا جائے، مگر کیا ہماری زندگی بھی ان لوگوں جیسی ہے جن کے نام کے ساتھ نیکی کی گواہی دی جائے گی؟
ایک دن واقعی تین گروہ ہوں گے۔ایک گروہ اپنے انجام پر حسرت کرے گا، ایک گروہ اللہ کے فضل سے کامیاب ہوگا اور ایک گروہ اس کے مقرب بندوں میں شامل ہوگا۔اس دن نہ ہماری تحریریں ہمارے لیے دلیل بنیں گی، نہ ہمارے دعوے، نہ ہماری شہرت اور نہ لوگوں کی تعریفیں۔ اصل اہمیت ایمان، اخلاص، اعمال اور اللہ کی رحمت کی ہوگی۔میں نہیں جانتا کہ میرا نام کس گروہ میں لکھا جائے گا۔ آپ بھی نہیں جانتے کہ آپ کا نام کہاں ہوگا۔لیکن شاید یہی لاعلمی ہمارے لیے سب سے بڑی تنبیہ ہے کہ ہم اپنے انجام سے بے فکر نہ ہوں۔
اے اللہ!
ہمیں صرف نیک لوگوں کی فہرست پڑھنے والا نہیں، ان کے نقشِ قدم پر چلنے والا بنا دے۔ہماری نمازوں میں خشوع، ہمارے دلوں میں اخلاص، ہماری زبانوں میں سچائی اور ہمارے اعمال میں اپنی رضا شامل فرما۔ہماری ان خطاؤں کو معاف فرما جنہیں دنیا نہیں جانتی، مگر تو خوب جانتا ہے۔ ہمیں ان گناہوں سے بچا جنہیں ہم معمولی سمجھ کر دہراتے رہتے ہیں۔یا اللہ! ہمیں اصحابِ یمین میں شامل فرما، اور اپنے فضل و رحمت سے سابقینِ مقربین کے درجات عطا فرما۔ہمیں اس دن رسوا نہ کرنا جس دن کوئی کسی کے کام نہ آئے گا۔اور جب ہماری زندگی کا آخری لمحہ آئے تو ہمارا خاتمہ ایمان پر فرمانا۔
آمین یا رب العالمین۔
مزید پڑھیں




