جمعہ، 27 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

قانونی عمارتیں ڈی سیل نہ ہوئیں تو تعمیراتی کاروبار بند کر دیں گے، حنیف گوہر

مصنف:

کراچی: ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز (آباد) کے چیئرمین حنیف گوہر نے خبردار کیا ہے کہ پیر تک قانونی طور پر تعمیر کی جانے والی سیل شدہ عمارتیں ڈی سیل نہ کی گئیں تو تعمیراتی شعبے سے وابستہ کاروبار بند کر کے احتجاجی لائحہ عمل اختیار کیا جائے گا۔


کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حنیف گوہر نے کہا کہ کراچی ایڈمنسٹریٹو سوسائٹی میں پیش آنے والے ناخوشگوار واقعے پر افسوس ہے، آباد نے ہمیشہ غیر قانونی تعمیرات کے خلاف آواز اٹھائی ہے، تاہم حالیہ واقعات کے بعد تمام متعلقہ ادارے متحرک ہوگئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لیاری اور گلبہار میں بھی عمارتوں کے حوالے سے افسوسناک واقعات پیش آئے، لیکن ان واقعات کا آباد کے ممبران سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ نے تمام زیر تعمیر عمارتیں سیل کرنے کے احکامات جاری کیے، جبکہ آباد طویل عرصے سے غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتا رہا ہے۔چیئرمین آباد کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے 123 عمارتیں سیل کرنے کی بات کی گئی، جس کے بعد مختیار کاروں اور بلڈنگ افسران نے قانونی تقاضے پورے کرنے والی عمارتیں بھی مالکان کا مؤقف سنے بغیر سیل کرنا شروع کر دیں۔


حنیف گوہر نے کہا کہ متعلقہ محکموں کو معلوم ہونا چاہیے کہ کون سی عمارت قانونی اجازت ناموں اور ضابطوں کے تحت تعمیر کی جا رہی ہے۔ غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی ضرور ہونی چاہیے، لیکن قانونی کاروبار کرنے والوں کو نشانہ بنانا درست نہیں۔انہوں نے وزیراعظم کی اپنا گھر اسکیم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ قانونی عمارتیں سیل کرنے سے وزیراعظم کا گھر فراہم کرنے کا خواب کیسے پورا ہوگا؟ انہوں نے مطالبہ کیا کہ غیر قانونی تعمیرات کے ذمہ دار عناصر اور نظام میں موجود غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف کارروائی کی جائے۔چیئرمین آباد نے سندھ حکومت کی کارروائی کو کاروباری طبقے کے لیے نقصان دہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو دفاتر سے بے عزت کرکے نکالا گیا، جس سے تعمیراتی شعبے سے وابستہ افراد میں مایوسی پھیل رہی ہے۔


حنیف گوہر کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ نے عجلت میں فیصلہ کیا، اگر آباد کا مؤقف سن لیا جاتا تو یہ صورتحال پیدا نہ ہوتی۔ انہوں نے واضح کیا کہ تین روز کے اندر قانونی عمارتیں ڈی سیل نہ ہوئیں تو آباد سڑکوں پر نکلے گا اور تعمیراتی کاروبار بند کرنے کا فیصلہ کرے گا۔