وزیراعلیٰ مریم نواز کی چکوال آمد، شہریوں اور تاجروں کا والہانہ استقبال

چکوال: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی صدر بازار چکوال آمد پر شہریوں اور تاجروں نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر بازار میں شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی، لوگوں نے وزیراعلیٰ پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور ان کے حق میں خیرمقدمی جذبات کا اظہار کیا۔
صدر بازار میں جگہ جگہ پھولوں کی پتیاں، مسکراتے چہرے اور شہریوں کا والہانہ استقبال توجہ کا مرکز بنے رہے۔ شہری وزیراعلیٰ مریم نواز کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے بے تاب دکھائی دیے جبکہ متعدد افراد نے ان کے لیے دعائیں بھی کیں۔اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہونہار طلبہ سے ملاقات کے دوران کہا کہ آج اتنے قابل اور باصلاحیت بچوں سے مل کر انہیں بے حد خوشی ہوئی ہے۔ چکوال کی سرزمین نے وطن کے لیے جانیں قربان کرنے والے شہداء پیدا کیے ہیں اور اسی دھرتی کے نوجوان ذیشان علی نے پاکستان کے پہلے خلا باز کی حیثیت سے دنیا میں ملک کا نام روشن کیا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ ان کی خواہش ہے کہ طلبہ تعلیم مکمل کرنے کے بعد ہر شعبے میں آگے بڑھیں، پاکستان کی خدمت کریں اور ملک کے لیے ایسے کارنامے انجام دیں جن سے انہیں نئی مثال قائم کرنے کا اعزاز حاصل ہو۔ انہوں نے کہا کہ آج چکوال کو دیکھ کر بھی انہیں بہت خوشی ہوئی ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ کسی بھی حکومت کے لیے اس سے زیادہ شرم کی بات کیا ہوگی کہ ایک بچہ ذہین، ہونہار اور باصلاحیت ہونے کے باوجود صرف مالی وسائل کی کمی کے باعث اپنی تعلیم جاری نہ رکھ سکے۔ کسی بچے کے والد نہیں، کسی کی والدہ نہیں اور بعض خاندان اپنے گھر کا آخری جانور تک فروخت کر چکے ہیں۔ ہونہار اسکالرشپ پروگرام شروع کرنے کا مقصد ہی یہ ہے کہ وسائل کی کمی کسی بچے کی تعلیم کی راہ میں رکاوٹ نہ بنے۔انہوں نے یقین دلایا کہ چکوال کی ترقی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے اب پہلے سے زیادہ شوق اور لگن کے ساتھ کام کریں گی۔
ہونہار طلبہ سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ان کے والدین نے انہیں اس مقام تک پہنچانے کے لیے اپنی ضروریات اور خواہشات قربان کیں۔ کسی ماں نے کمیٹی ڈال کر رقم جمع کی، کسی نے گھر کی چیز فروخت کی اور کسی باپ نے اپنی ضرورت روک کر بچوں کی فیس ادا کی۔انہوں نے کہا کہ آج طلبہ ہونہار اسکالرشپ، لیپ ٹاپ اور اسکوٹی حاصل کرنے کے قابل ہوئے ہیں تو اس کامیابی میں ان کے والدین کی محنت اور قربانی شامل ہے۔ بچوں کو چاہیے کہ گھر جا کر اپنے والدین کے پاؤں چھوئیں اور ان کا شکریہ ادا کریں۔ مریم نواز نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اب ان کی تعلیم کی ذمہ داری میری ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے طالبات کو خواتین کے تحفظ کے لیے متعارف کرائی گئی سہولیات سے استفادہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام بچیاں اپنے موبائل فون میں ویمن سیفٹی ایپ ضرور ڈاؤن لوڈ کریں۔انہوں نے بتایا کہ اگر کسی خاتون یا طالبہ کو راستے، یونیورسٹی، کالج یا بازار میں ہراسانی یا کسی قسم کے خوف کا سامنا ہو تو اسے فون کرنے کی بھی ضرورت نہیں، صرف موبائل فون شیک کرنے سے پولیس ہیلپ لائن 15 کو ان کی لوکیشن موصول ہو جائے گی اور مدد کے لیے کارروائی کی جائے گی۔مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پنک بٹن اور ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن بھی خواتین کے تحفظ کے لیے قائم کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں خواتین کی حفاظت حکومت کی ذمہ داری ہے۔
مزید پڑھیں





