خدا کو دیکھنے کی خواہش، مسافر کی طیارے کا دروازہ کھولنے کی کوشش، ہنگامی لینڈنگ

امریکی ایئر لائن کی شکاگو جانے والی پرواز میں ایک مسافر نے دورانِ پرواز طیارے کا دروازہ کھولنے کی کوشش کی، جس پر مسافروں اور عملے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور طیارے کو ہنگامی طور پر فینکس ایئرپورٹ کی جانب موڑ دیا گیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ سان ڈیاگو سے روانہ ہونے والی پرواز نمبر 1494 میں پیش آیا۔ ایک مسافر اپنی نشست سے اٹھ کر طیارے کے اگلے حصے میں پہنچ گیا اور عملے کی بار بار ہدایت کے باوجود اپنی نشست پر واپس جانے سے انکار کردیا۔عینی شاہدین کے مطابق صورتِ حال اس وقت تشویش ناک ہوگئی جب مسافر نے طیارے کے دروازے کھولنے کی کوشش شروع کردی۔ پانچویں قطار میں بیٹھے مسافر شان بینیٹ نے بتایا کہ رات کی پرواز کے دوران وہ سو رہے تھے کہ اچانک فضائی میزبان کی چیخنے کی آواز سے ان کی آنکھ کھل گئی، جو مذکورہ شخص کو دروازے سے دور رہنے کی ہدایت دے رہی تھیں۔
انڈیانا کے شہر لافائیٹ سے تعلق رکھنے والے مسافر ہنٹر گلیگوری کے مطابق مذکورہ شخص چیخ رہا تھا کہ ’’میں خدا کو دیکھنا چاہتا ہوں، مجھے اس طیارے سے باہر نکالو۔‘‘ اس دوران اس نے طیارے کے اطراف کے دروازوں اور مرکزی دروازے کو کھولنے کی کوشش بھی کی۔مسافروں کے مطابق فضائی میزبانوں نے فوری طور پر اسے قابو کرنے کی کوشش کی، جبکہ دیگر مسافروں نے بھی عملے کی مدد کرتے ہوئے اسے پکڑ لیا۔ ایک عینی شاہد کے مطابق صورتِ حال کو مزید بگڑنے سے روکنے کے لیے ایک فضائی میزبان نے مشروبات کی ٹرالی بھی راستے میں کھڑی کردی۔ہنگامی لینڈنگ تک عملے اور مسافروں کو کافی دیر تک مذکورہ شخص کی مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔ امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کے مطابق طیارے نے مقامی وقت کے مطابق رات تقریباً ایک بجے فینکس اسکائی ہاربر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بحفاظت لینڈنگ کی۔امریکن ایئرلائن کے مطابق طیارے کے اترتے ہی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار موقع پر موجود تھے، جنہوں نے مسافر کو طیارے سے اتارنے میں مدد کی۔پولیس کے مطابق مسافر کو معمولی چوٹیں آنے کے باعث اسپتال منتقل کردیا گیا، تاہم دیگر مسافروں اور عملے میں سے کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔
حکام کا کہنا ہے کہ تاحال مذکورہ مسافر کے خلاف کوئی فوجداری مقدمہ درج نہیں کیا گیا، جبکہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔
مزید پڑھیں





