وزیر داخلہ کا کراچی میں گرینڈ خدمت مرکز بنانے کا فیصلہ

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کراچی میں وفاقی وزارت داخلہ کے زیرِ انتظام ایک بڑے گرینڈ خدمت مرکز کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے 10 روز میں اس کا ماسٹر پلان تیار کرنے کی ہدایت کردی۔
محسن نقوی نے آئی آئی چندریگر روڈ پر وزارت داخلہ کے دفتر کا دورہ کیا جہاں گرینڈ خدمت مرکز کے قیام سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔
وفاقی وزیر داخلہ کے مطابق مرکز میں وزارت داخلہ کے ماتحت مختلف اداروں کے کاؤنٹرز ایک ہی جگہ موجود ہوں گے، جہاں شہریوں کو ایک چھت تلے پاسپورٹ، شناختی کارڈ، اسلحہ لائسنس، مختلف این او سیز اور دیگر متعلقہ سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
انہوں نے ہدایت کی کہ خدمت مرکز کا ماسٹر پلان تمام ضروری تقاضوں، شہریوں کی سہولت اور اداروں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا جائے، محسن نقوی نے مرکز کے قیام کے لیے تمام ضروری اقدامات یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔
وزارت داخلہ کے تحت کام کرنے والے اداروں میں پاسپورٹ و امیگریشن، نادرا اور دیگر متعلقہ شعبے شامل ہیں، اس لیے مجوزہ مرکز کا مقصد مختلف سرکاری خدمات تک شہریوں کی رسائی کو ایک ہی مقام پر آسان بنانا ہے۔
مزید پڑھیں





